کوہاٹ اور کرک میں عیدالاضحی کے موقع پر مختلف واقعات میں تین کمسن بچوں سمیت پانچ افراد لقمہ اجل بن گئے

بدھ 14 اگست 2019 15:25

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2019ء) کوہاٹ اور کرک میں عیدالاضحی کے موقع پر مختلف واقعات میں تین کمسن بچوں سمیت پانچ افراد لقمہ اجل بن گئے ۔جاں بحق بچوں میں دو بچیاں اور ایک بچہ شامل ہے۔پولیس سے حاصل معلومات اور ذرائع کے مطابق کوہاٹ کے نواحی علاقے جرما میں عیدالاضحی کے روزدو کمسن بچے بارانی تالاب میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔

جاں بحق بچوں کا تعلق قبائلی ضلع اورکزئی سے تھا جو علاقہ جرما میں اپنے والدین کے ہمراہ مقیم تھے۔پولیس کے مطابق عید الاضحی کے روز قریبی علاقے جرمامیں دو کمسن بچے فرحان ولد جلال اور عائشہ دخترگل حمید گھرکے باہر واقع بارانی تالاب میں ڈوب جانے کے باعث جاں بحق ہوگئے۔دونوں بچوں کا تعلق قبائلی ضلع اورکزئی سے بتایا جاتا ہے جو اپنے والدین کے ہمراہ جرما میں مقیم تھے۔

(جاری ہے)

عیدکے روز سانحہ پیش آنے کی وجہ سے پورا علاقہ سوگوار ہوگیا۔دونوں کی عمریں پانچ سے چھ سال کی تھیں اور آپسمیں چچازاد تھے۔ادھرپولیس تھانہ خرم کے مطابق تحصیل بانڈہ داؤدشاہ کی یونین کونسل بہادرخیل کے علاقے اناربانڈہ میں ایک گھرکے اندرمبینہ طورپر جنریٹرکا دھواں بھر جانے اور دم گھٹنے کے باعث دو بچیاں بے ہوش ہوگئیں جنہیں کرک ہسپتال پہنچادیا گیا جہاں ایک بچی جانبر نہ ہوسکی اور اللہ کو پیاری ہوگئی جبکہ دوسری بچی ہسپتال میں زیرعلاج ہے۔

دریں اثناء کرک صابرآباد روڈ پر ڈب سنگینی کے مقام پر کار اور موٹرسائیکل میں تصادم کے نتیجے میں مثل خان نامی ایک شخص جاں بحق ہوگیا جو قریبی علاقے بلند کلہ کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ادھر منگل کے روز موصولہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کوہاٹ کے قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل میں مبینہ طور پر کار سواروں نے ایک مسافر کوچ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دودیگر زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق جاں بحق شخص کا تعلق درہ آدم خیل کے قبیلے اخوورال سے ہے اور وجہ قتل سابقہ دشمنی بتائی جاتی ہے جبکہ زخمی افرادغیرمقامی اور مبینہ طورپر بے گناہ تھے۔ یہ واقعہ انڈس ہائی وے پر درہ آدم خیل کی حدودمیں سردار پٹرول پمپ کے قریب پیش آیا۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں