کوہاٹ ڈویژن میں بھی یوم آزادی اور یوم یکجہتی کشمیرانتہائی جوش و خروش اورقومی جذبے کے ساتھ منائی گئی

بدھ 14 اگست 2019 18:45

کوہاٹ۔14اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2019ء) ملک کے دوسرے حصوں کی طرح پورے کوہاٹ ڈویژن میں بھی جشن آزادی کے ساتھ ساتھ یوم یکجہتی کشمیر انتہائی جوش و خروش ،قومی جذبے اور اس عہد کی تجدید کے ساتھ منائی گئی کہ لازوال قربانیوں سے حاصل کی گئی کہ اس مملکت خدادادکو عظیم سے عظیم تر اور پر امن ملک بنائیں گے اور کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریںگے ۔

اس دن کی مناسبت سے ڈویژنل اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں جشن آزادی کی تقریبات منعقد کی گئیں۔سب سے بڑی تقریب ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کوہاٹ میں منعقد کی گئی جہاںوزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش جومہمان خصوصی تھے نے ڈسٹرکٹ ناظم کوہاٹ محمدنسیم آفریدی ،تحصیل ناظم ملک تیموراورڈپٹی کمشنر کوہاٹ مطیع اللہ خان کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی گئی جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے اس موقع پر سلامی دی۔

(جاری ہے)

تقریب میںضلعی انتظامی افسران ،قومی تعمیر نو محکموں کے سربراہوں،منتخب نمائندوں ، عمائدین علاقہ ،تاجر برادری اور مختلف سکولوں کے اساتذہ اوربچوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر پاکستانی پرچم کے ساتھ ساتھ کشمیر کے جھنڈے پر لہرائے گئے اور کشمیریوں کے ساتھ ساتھ یکجہتی کا اظہار کیاگیا۔سکول کے بچوں نے تقریب میںملی نغمے پیش کرنے کے علاوہ آزادی کشمیر کے حوالے سے خاکے اور خصوصی ڈارمہ بھی پیش کیا گیاجنہیںحاضرین نے بے حد سراہا۔

اس موقع پرمشیرتعلیم،ڈپٹی کمشنر اورضلع ناظم نے ڈسٹرکٹ کونسل کے لان میں پودے لگا کرشجرکاری مہم کا بھی افتتاح کیا۔مہمان خصوصی نے مختلف شعبوں میں بہتر کارکردگی کے حامل افرادمیں شیلڈ اور اسناد بھی تقسیم کیں۔ ضیاء اللہ بنگش نے اپنے خطاب میں کہا کہ جشن آزادی بھی منائیں گے لیکن اس اہم موقع پر اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو نہیں بھولیں گے جو انتہائی دلیر ی سے بھارتی جارحیت اور ظلم و بربریت کا مقابلہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو ضرور آزادی ملے گی اور ہم من حیث القوم ان کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھیں گے ۔مشیر تعلیم نے کہا کہ کشمیر عالمی مسئلہ ہے لہذا اسے یکطرفہ کی بجائے اقوام متحدہ کے قراردادوں کے مطابق حل کیاجائے اور کشمیریوں کو حق استصواب رائے دی جائے۔انہوں نے اعلان کیا کہ بھارت کے یوم آزادی کو بھرپور انداز میں یوم سیاہ کے طورپر منائیں گے اور دنیا کو پیغام دیں گے کہ بھارت ایک غاصب ملک ہے اورمسلسل اقوام متحدہ کے قراردادوں کی خلاف ورزی کررہاہے ۔

انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں میں قومیت کی بجائے پاکستانیت کا جذبہ ڈالیں اور ان میں جذبہ حب الوطنی پیداکریں۔ضیاء بنگش نے عوام سے اپیل کی کہ ہر بندہ ایک پودہ لگاکر اس کی مکمل نشونما بھی کریں تاکہ ملک کو سرسبز و شاداب کریں۔ضیاء اللہ نے ضلع ناظم اورڈپٹی کمشنر اور ان کی پوری ٹیم کو شاندار تقریب منعقد پر خراج تحسین پیش کیا ۔ قبل ازیںضلع ناظم اور ڈپٹی کمشنر نے تمام پاکستانیوں کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں یک جان اوریک قالب ہوکر قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے پاکستان کو ایک عظیم اور مثالی ملک بناناہے اور دنیا کو دکھاناہے کہ ہم کسی سے کم نہیں۔

قبل ازیں کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے ایک ریلی بھی نکالی گئی جس کی قیادت مشیرتعلیم نے کی اور اس میں ضلع ناظم،ڈپٹی کمشنر،ڈی پی اواور مختلف مکتبہ ہائے فکر کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔مشیر تعلیم کی قیادت میں 13اگست کی رات بھی ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس میں نوجوانوں اور ہرمکتبہ فکر کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں