صوبہ خیبر پختونخوا سمیت پورے ملک میں (آج)18اگست سے شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا جارہا ہے‘دو کروڑ پودے لگائے جائیں گے

ہفتہ 17 اگست 2019 14:35

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2019ء) وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر صوبہ خیبر پختونخوا سمیت پورے ملک میں آج بروز اتوار(18اگست2019) سے شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا جارہا ہے جس کے تحت دو کروڑ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔ باخبر سرکاری ذرائع کے مطابق 10 بلین ٹری سونامی کے تحت پاکستان میں اربن فارسٹیشن کو فروغ دے کر شجرکاری مہم کے ذریعے ملک کے مختلف علاقوں کو سرسبز و شاداب بنانا اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنا مقصود ہے۔

باخبر ذرائع کے مطابق حکومت خیبرپختونخوا نے اس ضمن میں محکمہ جنگلات خیبر پختونخوا کے تعاون سے "ایک بشر - دوشجر" کے نام سے صوبہ کے تقریبا" تمام اضلاع بشمول پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، مالاکنڈ، سوات، لوئر دیر، اپر دیر، کوہستان، چترال اور قبائلی اضلاع خیبر، باجوڑ، مہمند، اورکزئی، کرم، اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں شجرکاری مہم کا آغاز کرکے لوگوں میں مخلتف قسم کے پودے مفت تقسیم کرنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔

(جاری ہے)

سرکاری ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی خصوصی ہدایت پر ان اضلاع کی مقامی انتظامیہ محکمہ جنگلات کے ڈویڑنل فارسٹ آفیسر کے تعاون سے آج بروز اتوار "پلانٹ فار پاکستان" کے نام سے خصوصی تقریبات منعقد کرے گی جن میں باقاعدہ شجرکاری مہم کا آغاز کیا جائے گا اور مفت پودے تقسیم کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق اس مہم میں کیکر، شیشم، چیڑ، دیودارسمیت مختلف دیگر قسم کے پودہ جات تقسیم کئے جائیں گے۔ان اضلاع کی مقامی انتظامیہ نے عوام سے شجرکاری مہم میں بھر پور شرکت کی استدعا کی ہے تاکہ ملک کو گرین پاکستان بناکر ماحول کو آلودہ ہونے سے بچایا جاسکے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں