[کوہاٹ، ڈی پی او کا محرم الحرام کے سلسلے میں سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے شہر کے مختلف امام بارگاہوں کا اچانک دورہ

بدھ 21 اگست 2019 19:20

sکوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2019ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود نے محرم الحرام کے سلسلے میں سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے شہر کے مختلف امام بارگاہوں کا اچانک دورہ کیا ۔کوہاٹ شہر کے وسط میں واقع قومی امام بارگاہ اور سید حبیب امام بارگاہ کے دورے کے دوران انہوں نے امام بارگاہوں کے متولی اور منتظمین سے ملاقات کی اور سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں سے بھی ملے ۔

ڈی پی او نے امام بارگاہوں کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے جغرافیائی محل وقوع کے لحاظ سے حساس قرار دئیے جانیوالے ان امام بارگاہوں کے اطراف میں نگرانی کے انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔ڈی پی او نے امام بارگاہوں کے گرد لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور مجالس و جلوسوں کی الیکٹرانک مانیٹرنگ کیلئے امام بارگاہوں کے اندر قائم کنٹرول رومز کا بھی معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈی پی او کیپٹن(ر)واحد محمود نے امام بارگاہوں کے داخلی دروازوں اور عمارتوں کے گرد سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور پولیس جوانوں کیساتھ موجود ہتھیاروں اور سیفٹی و سیکیورٹی کے دیگر آلات کا بھی بذات خود بغور معائنہ کیا اور پولیس اہلکاروں کو دوران ڈیوٹی بلٹ پروف جیکٹ و ہیلمٹ پہننے اور اسلحہ و ایمونیشن درست طور پر ساتھ رکھنے کی سختی سے تاکید کی ۔

ڈی پی او نے پولیس جوانوں کو عوام کی جان و مال اور اپنی و دیگر ساتھیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے موقع پر مئوثر احتیاطی تدابیر کے حوالے سے روشناس کراتے ہوئے انہیں فرائض منصبی نہایت ہی مستعدی اور ایمانداری سے انجام دینے کی تلقین کی۔ضلعی پولیس سربراہ نے ان امام بارگاہوں میں عشرہ محرم الحرام کے دوران منعقد ہونیوالے مجالس و جلوسوں اور دیگر مذہبی رسومات کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہوئے امام بارگاہوں کے منتظمین کو اس سلسلے میں مقامی پولیس کیساتھ مکمل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی۔

ڈی پی او نے محرم الحرام کے سلسلے میں امام بارگاہوں سے برآمد ہونیوالے جلوسوں کے روٹس کا بھی دورہ کیا اور سیکیورٹی کیلئے اٹھائے جانیوالے پیشگی اقدامات کا جائزہ لیا ۔دورے کے دوران ڈی پی او نے امام بارگاہوں اور مجالس وجلوسوں کی نگرانی و تحفظ کیلئے کئے جانیوالے اب تک کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔دورے کے موقع پر ضلعی پولیس سربراہ نے امام بارگاہوں کے منتظمین کو مکمل تحفظ فراہم کرنے اور محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لانے کی یقین دہانی کرائی جبکہ اس موقع پر امام بارگاہوں کے منتظمین نے بھی ڈی پی او کو تمام تر تعاون کا یقین دلایا اور امید ظاہر کی کہ ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی محرم الحرام مکمل امن اور باہمی رواداری کیساتھ گزرے گا۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں