طلباء ملک کو دنیاکا عظیم ترین ملک بنانے میں اپنا بنیادی فریضہ ادا کریں،وفاقی وزیرسیفران شہریارآفریدی

پیر 18 نومبر 2019 19:05

کوہاٹ۔18نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2019ء) وفاقی وزیر مملکت برائے سیفران اینڈ نارکاٹکس کنٹرول شہریارخان آفریدی نے گیریژن کیڈٹ کالج کوہاٹ کے طلباء کی وساطت سے ملک بھرکے تعلیمی اداروں کے طلباء پرزوردیاہے کہ وہ اپنی تمام ترتوانائیاںتعلیم ، تحقیق اورکردارسازی کیلئے صرف کرکے پاکستان کو دنیاکا عظیم ترین ملک بنانے میں اپنا بنیادی فریضہ ادا کریں۔

انہوں نے کہاکہ اگر ہماری نئی نسل موجودہ عالمی چیلنجوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے پختہ عزم کے ساتھ 27 رمضان کو قائم ہونے والے اس مملکت خداداد کی ترقی وتعمیر کیلئے دن رات کام کریں تو وہ دن دور نہیں کہ یہ ملک دنیاکے صفہ اول کے ممالک میں شامل ہوگا۔وہ پیر کے روز گیریژن کیڈٹ کالج کوہاٹ میں 24 ویں سالانہ یوم والدین کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

عظیم الشان تقریب میں جی ۔او۔ سی 9ڈویژن میجر جنرل اسد نواز خان ،پرنسپل بریگیڈئیر ندیم اختر،کمشنرکوہاٹ سید جمال الدین شاہ ،ڈپٹی کمشنر مطیع اللہ خان ،اعلیٰ سول وفوجی حکام ،والدین ،اساتذہ ،معززین شہر اورطلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔شہریار خان آفریدی نے طلباء کو تاکید کی کہ وہ اپنے نبی کریم ؐ کے پاکیزہ اوصاف اپنا کراساتذہ ،والدین ،رشتہ داروں ،ہم وطنوں اورانسانیت کی عزت وتکریم کواپناشعار بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ خوش قسمت ہیں کہ آپ کو گیریژن کیڈٹ کالج جیسے عظیم اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع ملے ہیںلہٰذا آپ لوگ اس فرصت کو غنیمت جان کر اعلیٰ ترین تعلیم حاصل کریں اورہر شعبہ زندگی میں اپنے وطن عزیز پاکستان کو مضبوط بنیادوں پر آگے بڑھائیں۔وفاقی وزیر نے طلباء سے کہا کہ مغرب میں ہر شعبہ زندگی میں انفرادیت اورایکسیلنس کو اہمیت دی جاتی ہے اوراگر آپ لوگ پختہ عزم کریں تو دنیامیں کوئی بھی کام دشوار اورناممکن نہیں ۔

انہوں نے والدین پربھی زوردیا کہ وہ اپنے بچوںکو حلال رزق کھلائیں اورحلال سے ان کوتعلیم دلائیں ۔اسی طرح یہ بچے آپ کی آنکھوں کی ٹھنڈک اورملک کا عظیم سرمایہ بنیں گے۔شہر یار آفریدی نے کالج میں تعمیراتی کاموںکیلئے ساڑھے سات کروڑ روپے ،سائنس اورٹیکنالوجی کے شعبے کیلئی2 کروڑ روپے جبکہ کالج کے انڈومنٹ فنڈ کیلئے ایک کروڑ روپے گرانٹ کااعلان کیا۔

انہو ںنے یقین دلایا کہ وہ کالج کی ہر ضرورت پوری کرنے کیلئے ہمیشہ موجود رہیں گے۔قبل ازیں کالج پہنچنے پر کیڈٹس کے ایک چاک و چوبند دستے کے ساتھ کالج انتظامیہ نے وفاقی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا اور انھیں سٹیج تک ایسکارٹ کیا۔جس کے بعد مہمان خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا۔بعد ازاں کالج کے 6 ہاؤسز کے کیڈٹس نے مارچ پاسٹ کیا،پی ٹی شو،جمناسٹک،تائکوانڈواور دیگر شاندار مظاہرے کئے۔

پرنسپل بریگیڈئیرندیم اختر حسین نے کالج کی سالانہ کاکردگی رپورٹ پیش کی اور کہا کہ اس کالج کے کیڈٹس نہ صرف پاکستان کی تینوں افواج میں قائدانہ کردار ادا کرتے ہیں بلکہ ملک کے میڈیکل،انجینئرنگ اور دیگر اعلی تعلیمی،تحقیقی اور سائنسی اداروں کیلئے نرسری کا کام بھی کرتے ہیں۔ شہر یارآفریدی نے کالج کے طلباء کی سائنسی نمائش دیکھی اورسالانہ تقریب میں نمایا ںکیڈٹس میں انعامات بھی تقسیم کئے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں