حکومت خیبرپختونخوا نے قبائلی ضلع خیبرمیں جبہ ڈیم کی تعمیر کی منظوری دے دی

جمعہ 17 جنوری 2020 16:38

حکومت خیبرپختونخوا نے قبائلی ضلع خیبرمیں جبہ ڈیم کی تعمیر کی منظوری دے دی
کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2020ء) حکومت خیبرپختونخوا نے قبائلی ضلع خیبرمیں جبہ ڈیم کی تعمیر کی منظوری دے دی جس پر 9 ارب90 کروڑ65 لاکھ روپے کی خطیرلاگت آئے گی۔یہ ڈیم حیات آباد سمیت پشاور میٹروپولیٹن اور قبائلی ضلع خیبرمیں آئندہ پچاس سال کے لئے پینے کے صاف پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے بنایاجائے گا۔ڈیم میں 37984 ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی اور اس کی اٴْونچائی 72.20 میٹر ہوگی۔

یہ ڈیم جمرود سے 12 کلومیٹر دور جنوب میںجبہ نامی علاقے میں تعمیر کیا جائے گا۔باخبر ذرائع کے مطابق یہ ڈیم Accelarated Implementation Program (AIP) برائے ضم شدہ قبائلی اضلاع پروگرام کے تحت تعمیر کیا جائے گا جس کے لئے رواں سال 70 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ جبہ ڈیم سے فلٹریشن پلانٹ لگاکر روزانہ 3 کروڑ23 لاکھ گیلن یومیہ پانی حاصل کرنے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ڈیم پر ابتدائی لاگت کا تخمینہ 10 ارب20 کروڑ روپے لگایا گیا تھا تاہم ماہرین کی رائے پر جبہ ڈیم کوتقریباً9 ارب90 کروڑ65 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کرنے کی منظوری دی گئی۔ یہ ڈیم محکمہ ایریگیشن کاذیلی ادارہ سمال ڈیمز تعمیر کرے گا۔سرکاری ذرائع کے مطابق صوبائی ورکنگ ڈیویلپمنٹ پارٹی (پی ڈی ڈبلیو پی)کے گزشتہ دنوں منعقدہ اجلاس میں دیگر منصوبوں سمیت اس ڈیم کوتعمیر کرنے کے منصوبہ کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی طورپراس ڈیم کی فیزیبلٹی رپورٹ تقریباًگیارہ سال قبل 2008 میں تیار کی گئی تھی۔ڈیم کا بنیادی مقصد حیات آباد سمیت پشاورکے مختلف علاقوں بشمول ریگی للمہ اور قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل جمرودمیں دس لاکھ لوگوں کی پینے کے صاف پانی کی ضروریات پوری کرنا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ جبہ ڈیم کا پانی انسانی صحت کے لئے فائدہ مند اورکئی خصوصیات کا حامل ہے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں