حکومت خیبرپختونخوا نے سی پیک گرانٹ کے تحت صوبہ بھر میں فراہمی آب کے موجودہ100 منصوبوں کوبجلی سے شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی منظوری دیدی

اتوار 19 جنوری 2020 18:20

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2020ء) حکومت خیبرپختونخوا نے سی پیک گرانٹ کے تحت صوبہ بھر میں فراہمی آب کے موجودہ100 منصوبوں کوبجلی سے شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی منظوری دے دی جس پر 69 کروڑ54 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔ اس منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) گرانٹ کے تحت رقم فراہم کی جائے گی۔

باخبرسرکاری ذرائع نے اتوار کے روزیہاں ’این این آئی‘ کو بتایا کہ اصل منصوبہ کے تحت 800 واٹرسپلائی سکیموں کو 2 ارب 38 کروڑ84 لاکھ روپے کی لاگت سے شمسی توانائی پرمنتقل کرنے کا تخمینہ لگایا گیا تھا جسے گزشتہ دنوں صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کیا گیا تھا تاہم اجلاس کے شرکاء نے 800 کی بجائے ابتدائی طورپرفراہمی آب کے 100 منصوبوں کو شمسی توانائی پر چلنے کی منظوری دی جبکہ باقی 700 منصوبوں کو تفصیلی سروے اور فزیبیلٹی رپورٹ آنے کے بعد منظوری کے لئے پیش کرنے کا فیصلہ کیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اس منصوبے کے تحت 100 منصوبوں کے لئے حفاظتی دیوار/باؤنڈری وال اور فاؤنڈیشن وغیرہ کی تعمیر کرنے پر 21 کروڑ35 لاکھ 22ہزار روپے‘ شمسی نظام کی تنصیب بشمول ٹرانسپورٹریشن وغیرہ پر3کروڑ56 لاکھ25 ہزار روپے‘ کنسلٹنسی سروسز پر 27 کروڑ57 لاکھ 32 ہزارروپے ‘ منصوبے کے لئے پراجیکٹ منیجر یونٹ کے قیام کے لئے 11 کروڑ17 لاکھ32 ہزار روپے ‘مشینری کی خریداری پر 92 لاکھ روپے جبکہ مشینری کی کسٹم کلیئرنس پر5 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ منصوبہ کے تحت تمام مشینری چینی حکومت فراہم کرکے کراچی بندرگاہ پہنچائے گی جبکہ حکومت پاکستان کسٹم کلیئرنس‘ ڈیوٹی سے مستثنیٰ کرنے‘ مشیرنی کی رجسٹریشن اور صوبہ خیبرپختونخوا تک پہنچانے کی ذمہ دار ہوگی۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں