خیبر پختونخوا پولیس کے اہلکار اسلحہ و منشیات سمگل کرنے لگے،گزشتہ چند روز میں چوتھا پولیس اہلکار سمگلنگ کرتے ہوئے گرفتار

اتوار 16 فروری 2020 17:30

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2020ء) خیبر پختونخوا پولیس کے اہلکار اسلحہ و منشیات سمگل کرنے لگے۔ کوہاٹ پولیس نے گزشتہ چند روز کے دوران چوتھا پولیس اہلکار اسلحہ اور منشیات سمگلنگ کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق کوہاٹ پولیس نے اتوار کے روز بڑی تعداد میں اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے پولیس اہلکار کو ساتھی سمیت گرفتار کر لیا۔

یہ اہم کاروائی گلشن آباد پولیس چیک پوسٹ میں عمل میں لائی گئی جہاں اسلحہ سمگلنگ میں ملوث پولیس اہلکار محمد عدنان کو ساتھی امان خان سمیت گرفتار کرلیا گیا. محمد عدنان کوہاٹ شہر کے علاقے گڑھی بنوریان کا رہائشی ہے۔ ڈی ایس پی بشیر داد خان کے مطابق اسلحہ سمگلنگ میں ملوث پولیس اہلکار کو فوری طور پر معطل کرکے محکمانہ تحقیقات شروع کردی گئی ہیں. انہوں نے بتایا کہ پکڑے گئے اسلحے میں 45 پستول اور 3300 کارتوس شامل ہیں جو موٹر کار کے خفیہ خانوں سے برآمد کیا گیا. پولیس کے مطابق پکڑا گیا اسلحہ درہ آدم خیل سے جنوبی اضلاع کو سمگل کیا جارہا تھا. گرفتار سمگلروں کے خلاف تھانہ جنگل خیل میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پچھلے ایک ماہ کے دوران کوہاٹ کی حدود سے یہ چوتھا پولیس اہلکار اسلحہ اور منشیات کی سمگلنگ میں گرفتار ہوا ہے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں