محکمے عوام کو بلا تفریق بنیادی سہولتوں کی بہترین فراہمی کو یقینی بنائیں،ڈی سی کوہاٹ

منگل 18 فروری 2020 21:50

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2020ء) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کیپٹن (ر)عبدالرحمان نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ عوام خلوص دل سے حکومتی محکموں کے بل ادا کرنا یقینی بنائیں اور محکمے عوام کو بلا تفریق بنیادی سہولتوں کی بہترین فراہمی کو یقینی بنائیں اور عوام اور محکموں کے مابین اعتماد و بھائی چارے کا رشتہ قائم ہو۔وہ منگل کے روز اپنے دفتر میں لائیو ای کچہری اور ڈھوڈہ شریف میں کھلی کچہری سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر سسٹنٹ کمشنر فرقان اشرف اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر طاہر علی کے علاوہ تمام وفاقی اور صوبائی محکموں کے ضلعی افسران موجودتھے۔دونوںکچہریوںمیںساٹھ سے زیادہ افرادنے تعلیم،صحت،آبنوشی،سڑکوں،گلیوں،نکاسی آب،بجلی، گیس،سیاحت،ریونیو،زراعت،پولیس،منشیات اور دیگر شعبوں سے متعلق شکایات پیش کیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ایک ایک مسئلہ پر متعلقہ محکمہ کے افسر کو اپنا موقف پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کم سے کم وقت میں ہرمسئلہ حل ہونا چا ہیئے یا اس میں حائل رکاوٹ کا مدلل جواب آنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ ہمارے عوام اکیسوی صدی میں بھی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔بہت سے مسائل موقع پر ہی حل کئے گئے۔ڈی سی نے ہدایت کی کہ ڈھوڈہ کا پٹواری کل سے ہی ڈھوڈہ میں کام شروع کرے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی محکمہ میں رشوت اور عوام کو تنگ کرنے پر سخت سزا دی جائیگی۔عوام نے اپنے مسائل غور سے سننے اور ان کے فوری حل میں گہری دلچسپی لینے پر ڈپٹی کمشنر کا بھرپور شکریہ ادا کیا۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں