قبائلی ضلع اورکزئی میں شیخان قبیلے اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب

انتظامیہ کی بجلی بحالی کا دیرینہ مسئلہ فوری طورپر حل کرنے کی یقین دہانی کے بعد قبائلیوں نے بائیکاٹ اور احتجاج ختم کردیا

پیر 21 ستمبر 2020 21:40

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2020ء) قبائلی ضلع اورکزئی میں شیخان قبیلے اورضلعی انتظامیہ کے درمیان مذاکرت کامیاب ہوگئے ،انتظامیہ نے بجلی بحالی کا دیرینہ مسئلہ فوری طورپر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد قبائلیوں نے پولیو کے قطرے پلانے سے بائیکاٹ اور احتجاج ختم کردیا۔

(جاری ہے)

باخبر ذرائع کے مطابق قبائلی ضلع اورکزئی کے شیخان قبیلے سے تعلق رکھنے والے کئی دیہات پر مشتمل قبائلیوں نے اپنے مطالبات کے حق میں گزشتہ کئی روز سے احتجاجی دھرنا دیا تھا جبکہ احتجاجاًگزشتہ روز پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کے بائیکاٹ کا اعلان بھی کیا تھا جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اورکزئی نے پیر کے روز شیخان قوم کے علاقہ وام پانڑہ میں جاکر احتجاجی مظاہرین سے مذاکرات کئے اور موقع پر ہی شیخان کے علاقوں کی بجلی بحالی کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی جس کے مطابق آج (بروزمنگل)صبح سے شیخان کے علاقوں میں بجلی بحال ہوجائے گی۔

ذرائع کے مطابق دیگر مطالبات کے حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی جن میں کچئی سڑک رواں ہفتے کھولنے کا مطالبہ بھی شامل تھا۔اس موقع پر کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں قبائلیوں نے پولیو کے قطرے پلانے سے بائیکاٹ اور احتجاجی دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں