درہ آدم خیل پولیس نے بڑی تعداد میں اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی

انڈس ہائی وے پر ایگل فورٹ کے قریب سنیپ چیکنگ کی کاروائی میں موٹر کار سے ہتھیاروں کی کھیپ برآمد کرکے 3 بین الصوبائی اسلحہ سمگلر وں کو گرفتار کرلیا گیا

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 26 اکتوبر 2020 11:00

درہ آدم خیل پولیس نے بڑی تعداد میں اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی
درہ آدم خیل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اکتوبر2020ء) درہ آدم خیل پولیس نے بڑی تعداد میں اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ہے۔انڈس ہائی وے پر ایگل فورٹ کے قریب سنیپ چیکنگ کی کاروائی میں موٹر کار سے ہتھیاروں کی کھیپ برآمد کرکے 3 بین الصوبائی اسلحہ سمگلر وں کو گرفتار کرلیا گیا۔کاروائی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی۔

پکڑے جانیوالے ہتھیارمقامی ساختہ ہیں جو درہ آدم خیل سے غیر قانونی طور پر پنجاب سمگل کئے جارہے تھے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کی وضع کردہ حکمت عملی کے تحت اسلحے کی غیر قانونی نقل و حمل روکنے کیلئے پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سنیپ چیکنگ کی مسلسل کاروائیوں کا دائرہ کار وسیع کردیا ہے اورباالخصوص درہ آدم خیل سے ملک کے مختلف شہروں کو ہتھیاروں کی سمگلنگ کے تدارک کی خاطر مؤثر نگرانی کا عمل مزید تیز کردیا گیا ہے جسکے بڑے کامیاب نتائج برآمد ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

کاروائیوں کے اس تسلسل میں ایس ایچ او تھانہ درہ آدم خیل انسپکٹر امجد حسین نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی ایک اطلاع کی تصدیق کے بعد پولیس نفری کے ہمراہ درہ آدم خیل میں انڈس ہائی وے پر ایگل فورٹ کے قریب ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ شروع کررکھی تھی کہ اس اثناء میں درہ بازار سے آنیوالی ایک مشکوک موٹر کار نمبر اسلام آباد UB-265کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا۔

پولیس نے تلاشی کے دوران گاڑی کے خفیہ خانوں سے مجموعی طور پر 1کلاشنکوف، 6رائفل،7پستول،12 چارجرزاور درجنوں کارتوس برآمد کرکے گاڑی میں سوار ہتھیاروں کے3 بین الصوبائی سمگلرطماس خان ولد محمد گل،جمشید خان ولد نجم خان اور یاسدین ولد سید کلم ساکنان بڈھ بیر پشاور کو گاڑی سمیت حراست میں لے لیا۔

ایس ایچ او امجد حسین نے بتایا کہ اسلحہ سمگل کرتے ہوئے پکڑے گئے ملزمان کے خلاف تھانہ درہ آدم خیل میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جنہوں نے ابتدائی پوچھ گچھ میں پکڑے گئے ہتھیار درہ آدم خیل سے غیر قانونی طور پرپنجاب سمگل کرنے کا اعترا ف جرم کرلیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہتھیاروں سے بھری موٹر کار سمیت گرفتار اسلحہ سمگلروں کو مزید تفتیش کیلئے انوسٹی گیشن ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے جن سے اسلحہ سمگلر نیٹ ورک کے بارے میں مزید اہم انکشافات بھی متوقع ہیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں