ْکوہاٹ ڈویژن میں آندھی اور طوفانی بارش نے تباہی مچا دی ،سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان

شدید آندھی اور طوفانی بارش کے نتیجے میں سولر پلانٹ تہس نہس ،بجلی کے کھمبے گرنے سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا

اتوار 20 جون 2021 20:50

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2021ء) کوہاٹ ڈویژن کی تحصیل بانڈہ داد شاہ اور تحصیل لاچی میں آندھی اور طوفانی بارش نے تباہی مچا دی اور سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچا۔ شدید آندھی اور طوفانی بارش کے نتیجے میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بانڈہ داود شاہ کے سولر پلانٹ تہس نہس جبکہ شکردرہ میں بجلی کے کھمبے گرنے سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

(جاری ہے)

موصولہ اطلاع کے مطابق اتوار کے روز ضلع کرک کی تحصیل بانڈہ داد شاہ میں شدید آندھی اور بعدازاں طوفانی بارش نے تباہی مچادی اور کئی علاقوں میں کچے دیوار اور درخت گر پڑے جبکہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بانڈہ داد شاہ میں لاکھوں روپے سے نصب سولر پلانٹ آندھی کا زور برداشت نہ کر سکا اور تہس نہس ہوگیا۔مقامی افراد نے الزام لگایا ہے کہ ہسپتال میں غیر معیاری سولر پلانٹ لگایا گیا تھا جس کی مقامی انتظامیہ انکوائری کرائے۔

ادھر تحصیل لاچی کے دور افتادہ علاقے شکردرہ میں بھی طوفانی بارش کے باعث بجلی کے کئی کھمبے گرنے گئے جس کی وجہ سے پورے علاقے میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا ہے۔ دور افتادہ علاقہ سے فوری طور پر نقصان کے بارے مزید معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں