کوہاٹ ڈویژن کے اضلاع ہنگو اور کرم میں طوفانی موسلادھار بارش اور ژالہ باری نے تباہی مچادی

کئی کچے مکانات اور دیواریں منہدم ،شمسی توانائی کے درجنوں سولر پینل ٹوٹ کر گرنے سے لاکھوں روپے کا مالی نقصان ، ضلع کرم میں بجلی کا نظام بھی بری طرح متاثرہوا

اتوار 3 اکتوبر 2021 18:40

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2021ء) کوہاٹ ڈویژن کے اضلاع ہنگو اور کرم میں طوفانی موسلادھار بارش اور ژالہ باری نے تباہی مچادی اور کئی کچے مکانات اور دیواریں منہدم اور شمسی توانائی کے درجنوں سولر پینل ٹوٹ کر گرنے سے لاکھوں روپے کا مالی نقصان ہوا جبکہ ضلع کرم میں بجلی کا نظام بھی بری طرح متاثرہوا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ہفتہ کی شام ضلع ہنگو اور قبائلی ضلع کرم کی لوئر و سنٹرل تحصیل کے کئی علاقوں میں شدید آندھی ‘ طوفانی بارش اور بعض مقامات پرہلکی وبھاری ژالہ باری نے تباہی مچادی۔ آمدہ اطلاع کے مطابق ضلع کرم کی سنٹرل تحصیل کے علاقے گندال کے قریب شوے نامی گاؤں میں ایک دو منزلہ کچا مکان زمین بوس ہوگیا جس کی نتیجے میں گھر کا سامان ملبے تلے دب کر تباہ ہوگیا تاہم خوش قسمتی سے جانی نقصان نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

طوفانی بارش کے باعث قبائلی ضلع کرم میں بجی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے جہاں گزشتہ 20 گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ اسی طرح ضلع ہنگو کی تحصیل ٹل کے سرحدی علاقے چھپری وزیران میں بھی شدید طوفانی بارش اور ژالہ باری کے باعث متعدد گھروں کی دیواریں گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ شمسی توانائی کے درجنوں سولر پینل تیز ہواؤں کا دباؤ برداشت نہ کرسکے اور دورجاکر ٹوٹ گئے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کا لاکھوں روپے کا نقصان ہواہے۔ ان علاقوں میں ہونے والی شدید طوفانی بارش کے باعث ندی نالوں میں شدید طغیانی آنے کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔ضلعی انتظامیہ ہنگونے مالی نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے اتوار کے روز فوری طورپرسروے ٹیموں کو متاثرہ علاقہ روانہ کردیا ہے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں