کوہاٹ کی حدودمیں مصروف ترین قومی شاہراہ انڈس ہائی وے پر مسلم آباد کے مقام پر شدید ٹریفک جام‘مسافر اورمریض رٴْل گئے

اتوار 10 اکتوبر 2021 13:20

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2021ء) کوہاٹ کی حدودمیں مصروف ترین قومی شاہراہ انڈس ہائی وے پر مسلم آباد کے مقام پر شدید ٹریفک جام کے باعث ٹریفک کی روانی مسلسل کئی گھنٹوں تک معطل رہنے سے سینکڑوں مسافر اورمریض رٴْل گئے۔اطلاعات کے مطابق کراچی کو پشاور ملانے والی اہم ترین قومی شاہراہ انڈس ہائی وے پر تعمیراتی کام کی وجہ سے ہفتہ کی سہ پہر کوہاٹ کی حدودمیںمسلم آباد کے مقام پر ایک ڈمپر کی مبینہ اورٹیکنگ اور غلطی کے باعث دو طرفہ ٹریفک جام ہوگئی جس کے باعث مصروف ترین قومی شاہراہ پررات گئے تک ٹریفک معطل ہوکر رہ گئی ۔

اس دوران شدید ٹریفک جام کے باعث شاہراہ کے دونوں اطراف درجنوںچھوٹی بڑی مسافر اور مال بردار گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

(جاری ہے)

بتایاجاتا ہے کہ اس دوران کئی ایمبولینس گاڑیاں بھی ٹریفک جام میںپھنس کررہ گئیں جس کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔ بدترین ٹریفک جام کی اطلاع پر ٹریفک پولیس کئی گھنٹوں کی تاخیر سے حرکت میں آگئی جس نے جائے وقوعہ پہنچ کرکئی گھنٹوں کی سرتوڑکوششوں کے بعد ٹریفک کی روانی بحال کردی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق انڈس ہائی وے پر توسیعی کام اور زیر تعمیرپل کی وجہ سے ٹریفک جام ہوئی تھی۔ ذرائع کے مطابق تعمیراتی فرم اور این ایچ اے حکام نے اس زیرتعمیر مصروف ترین قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی کے لئے کوئی خاص اقدامات نہیں کئے ہیں جن کی وجہ سے آئے روز ٹریفک جام کے واقعات معمول بن گئے ہیں۔ عوامی حلقوں نے مقامی انتظامیہ‘ ٹریفک پولیس ‘ این ایچ اے حکام اور تعمیراتی فرم سے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ آئندہ اس قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں