وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی کرک میں نجی کمپنی کے تیل کنویں پر مسلح افراد کے حملہ کی شدید مذمت

پولیس کو کمپنی کے مغوی سپروائزرکی بحفاظت بازیابی کے لئے بروقت اقدامات کرنے کی ہدایت

جمعرات 27 جنوری 2022 17:51

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی کرک میں نجی کمپنی کے تیل کنویں پر مسلح افراد کے حملہ کی شدید مذمت
کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2022ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان نے ضلع کرک کے علاقہ گرگری میں نجی کمپنی کے تیل کنویں پر مسلح افراد کے حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پولیس کو کمپنی کے مغوی سپروائزرکی بحفاظت بازیابی کے لئے بروقت اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روزجاری اپنے ایک بیا ن میں وزیراعلیٰ نے مغوی سپروائزر کی بحفاظت بازیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے مغوی کی بازیابی کے لئے تمام تر اقدامات یقینی بنا نے کی ہدایت کی ہے۔

محمودخان نے اس حملہ میں ایک سیکیورٹی اہلکار کی شہادت پر تعزیت اور شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہاربھی کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے پولیس کو صوبے میں تیل نکالنے والی کمپنیوں کی سیکیورٹی بہتربنانے اور آئندہ اس طرح کے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کے لئے مؤثر اقدامات اٹھانے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔ وزیراعلیٰ محمودخان نے کہا ہے کہ واقعہ میں ملوث عناصرملک و قوم کی ترقی کے دشمن ہیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں