افغان صوبہ پکتیکا میں ایک گھر پر مارٹر گولہ گرنے سے چار بچوں سمیت ایک ہی گھر کے 8 افغان شہری جاں بحق

منگل 18 ستمبر 2018 13:27

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2018ء) پاک افغان سرحد پر واقع افغان صوبہ پکتیکا میں ایک گھر پر مارٹر گولہ گرنے سے چار بچوں سمیت ایک ہی گھر کے 8 افغان شہری جاں بحق جبکہ صوبہ خوست اور ننگرہار میں فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میںتحریک طالبان کے افغان کمانڈر سمیت چار افراد قتل اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔ سرحدپار سے موصولہ اطلاعات کے مطابق صوبہ پکتیکا کے ضلع وارمامی میں سیدخیل نامی علاقے میں ایک گھر پر مارٹرگولہ گرکر زوردھماکہ سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میںچار بچوں اور ایک خاتون سمیت ایک ہی گھرانے کے آٹھ افراد جاں بحق اور تین دیگر زخمی ہوگئے۔

ادھر انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق گزشتہ روز صوبہ خوست میںنامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے تحریک طالبان افغانستان کے ایک اہم کمانڈر جہانگیرخان گربز کو گولیوں کا نشانہ بنا کرہلاک کردیا جبکہ حملہ آورفرار ہوگئے ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء گزشتہ روز صوبہ ننگرہار کے ضلع سرہ رود میں سابق جہادی رہنما مرحوم سید احمد گیلانی کے مقبرہ/زیارت پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کی زدمیں آکرتین افراد ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔ ہلاک شدگان میں زیارت گیلانی کے دو متوالے اور ایک محافظ شامل ہے۔ادھر صوبہ بلخ میں بھی مسلح افراد نے حملہ کرکے ایک مقامی پولیس کمانڈرکو اپنے بیٹے سمیت ہلاک کردیا۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں