کوہاٹ پولیس نے لاکھوں روپے مالیت کی چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی

بین الصوبائی منشیات سمگلر نیٹ ورک کی دو خواتین ارکان زاہدہ سلطانہ اورکرن گرفتار،پولیس

منگل 9 اکتوبر 2018 13:07

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2018ء) کوہاٹ پولیس نے لاکھوں روپے مالیت کی چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ہے ۔کارروائی میں بین الصوبائی منشیات سمگلر نیٹ ورک کی دو خواتین ارکان کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔کامیاب کارروائی خفیہ اطلاع پر کوہاٹ پنڈی روڈ کے علاقہ سلیم ٹائون میں واقع بالا خانے پر چھاپہ مار کر عمل میں لائی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سہیل خالد کی خصوصی ہدایت پر منشیات کی نقل و حمل روکنے کیلئے ایس پی آپریشنز کوہاٹ صلاح الدین کنڈی کی سربراہی میں منشیات کے خلاف ضلع بھر میں خصوصی مہم جاری ہے جسکے تسلسل میںگزشتہ روز ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید اسلام الدین نے پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ پنڈی روڈ کے علاقہ سلیم ٹائوں میںواقع ایک بالا خانے پر اچانک چھاپہ مارا جہاں تلاشی کے دوران بالا خانے سے مجموعی طور پرساڑھے تیرہ کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرکے بین الصوبائی منشیات سمگلر نیٹ ورک کی دو خواتین سمگلروںمسماة زاہدہ سلطانہ سکنہ میاں والی اورمسماة کرن سکنہ پشاور کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق پکڑی گئی منشیات اورکزئی ایجنسی سے کوہاٹ لائی گئی تھی جو بعد ازاں پنجاب منتقل کی جارہی تھی تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے منشیات سمگل کرنے کی اس کوشش کو ناکام بنادیا ہے۔کارروائی میں گرفتار منشیات کی دونوں خواتین سمگلروں کے خلاف تھانہ محمد ریاض شہید میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جنہیں بعد ازاں عدالت کے سامنے پیش کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے ۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں