کوہاٹ ایکسپریس صوبہ خیبرپختونخوا کی سب سے کامیاب ترین اور منافع بخش ٹرین ہے‘ڈی ایس ناصر جلیلی

جمعہ 20 ستمبر 2019 13:15

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2019ء) پاکستان ریلوے پشاورڈویژن کے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) ناصر جلیلی نے کہا ہے کہ کوہاٹ ایکسپریس صوبہ خیبرپختونخوا کی سب سے کامیاب ترین اور منافع بخش ٹرین ہے جبکہ لوگوں کی سہولت اور بے پناہ دلچسپی کی خاطر کوہاٹ راولپنڈی کے مابین دوسری ٹرین چلانے کے لئے بھرپور کوشش کرکے حکومت سے سفارش کی جائے گی۔

گزشتہ روز ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پشاور ڈویژن ناصرخلیلی ڈویژنل افسروں کے ہمراہ خصوصی ٹرین میں اٹک سے ہوتے ہوئے کوہاٹ ریلوے سٹیشن پہنچے جہاں اٴْنہوں نے اس سیکشن پر ٹرینوں کی آمدورفت‘ سٹیشنوں کی آمدنی‘ ٹریک کی الائنمنٹ سمیت سٹیشنوں پر مسافروں کو دستیاب سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے معائنہ کیا۔کوہاٹ ریلوے سٹیشن آمد پر مقامی لوگوں نے پرتپاک استقبال کیا اورریلوے سے متعلق اپنے مسائل بیان کرتے ہوئے کوہاٹ راولپنڈی سیکشن پر ٹرین سروس کو مزید بہتر بنانے‘ کوہاٹ ایکسپریس کی خستہ حال بوگیوں کی تبدیلی سمیت کوہاٹ سے کراچی ٹرین سروس اور کوہاٹ راولپنڈی کے مابین دوسری ٹرین چلانے کے مطالبات ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کے سامنے پیش کئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اپنی گفتگو میں ڈی ایس ناصرخلیلی کا کہناتھا کہ عوام کی سہولت اور ریلوے کی بہتری کے لئے ہرممکن اقدامات اٴْٹھائے جائیں گے۔ اٴْنہوں نے یقین دلایا کہ ایک ہفتہ کے اندر اندرکوہاٹ ایکسپریس کے ساتھ نئی اور اضافی کوچز شامل کی جائیں گی۔اٴْنہوں نے کہا کہ یہ جان کراٴْنہیں بے حدخوشی ہوئی کہ پشاور ڈویژن میں سب سے زیادہ آمدن کوہاٹ ٹرین کی ہے۔بعدازاں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ناصر خلیلی نے معائنہ کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریلوے ملازمین کو نقد انعامات سے نوازا۔ اٴْنہوں نے کوہاٹ ریلوے سٹیشن کی حدودمیں پودا بھی لگایا۔ اس موقع پر ملکی سلامتی اور ریلوے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں