کوہاٹ، پولیس نے سگے بھائی کی بہیمانہ قتل میں ملوث دو سفاک ملزمان کو گرفتار کرلیا

بدھ 5 اگست 2020 16:54

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2020ء) پولیس نے سگے بھائی کی بہیمانہ قتل میں ملوث دو سفاک ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ۔ملزمان کو ارتکاب جرم کے چوبیس گھنٹوں کے اندر حراست میں لیکر آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ملزمان نشے کے عادی ہیں جنہوں نے ملکیتی مکان کے تنازعے پر اپنے سگے بھائی کو ظالمانہ تشدد کے بعد گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیاتھا۔

اے ایس پی ہیڈ کوارٹر دانیا ل احمد جاوید نے ایس ایچ او تھانہ جنگل خیل ارشد محمود اور انوسٹی گیشن آفیسر سداخان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 3اگست کے روز کوہاٹ کے علاقہ جنگل خیل کے موضع محلہ محمد زمان شنواری میں مبینہ ملزمان کاشف اور شکیل پسران خضر حیات نے والدین کی ملکیتی مکان کے تنازعے پر اپنے سگے بھائی عادل کو شدید تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فائرنگ کرکے بے دردی سے قتل کردیا اور واردات کے بعد فوری طور پر جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے ۔

(جاری ہے)

ملزمان کے خلاف انکی بہن مسماة(ن) کی مدعیت میں اپنے سگے بھائی کے قتل کا مقدمہ تھانہ جنگل خیل میں درج کرلیا گیا اور پولیس نے بروقت کاروائی شروع کردی۔ اے ایس پی نے بتایا کہ پولیس نے خفیہ معلومات حاصل ہونے کے بعد فی الفور کامیاب چھاپے کے دوران قتل کی سفاکانہ واردات میں ملوث دونوں ملزمان کو چوبیس گھنٹوں کے اندر نہ صرف گرفتار کیا بلکہ انکی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونیوالا آلہ قتل پستول بھی برآمدکرکے تحویل میں لے لیا۔

اے ایس پی نے بتایا کہ زیر حراست ملزمان نشے کے عادی اور ریکارڈ یافتہ جرائم پیشہ ہیں جنہوں نے ملکیتی مکان کے تنازعے پر اپنے سگے بھائی کوتشدد کرکے اسلحہ آتشیں کے ذریعے بے دردی سے قتل کرنے کی واردات برپا کی ہے اور ابتدائی پوچھ گچھ میں زیر حراست ملزمان نے بہیمانہ قتل کی اس واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف جرم بھی کرلیا ہے ۔ملزمان کو ابتدائی بیانات قلمبند کرنے کے بعد مقامی عدالت کے سامنے پیش کرکے جسمانی ریمانڈ حاصل کرکے مزیدتفتیش کیلئے انوسٹی گیشن ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے۔

اے ایس پی دانیال احمد جاوید کا کہنا تھا کہ قتل کی اس لرزہ خیز واردات میں ملوث سفاک ملزموں کو انکے کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی ۔انہوںنے قلیل وقت میںروپوش ملزمان کا کھوج لگاکر انکی گرفتاری عمل میں لانے کی پولیس کاروائی کو لائق تحسین کامیابی قرار دیکر مقامی پولیس کی انسداد جرائم اور قیام امن کیلئے پیشہ ورانہ کردار کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ اے ایس پی دانیال احمد جاویدنے کہا کہ پولیس عوام کی حفاظت کیلئے ہر وقت کوشاں ہے اور محدود وسائل کے باوجود جدید وپروفیشنل پولیسنگ سے استفادہ کرکے جرائم کے بہتر سد باب کے حوالے سے اہم کامیابیاں سمیٹ رہی ہے ۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں