ڈی آر سی درہ آدم خیل کی کارکردگی قابل ستائش ہے اوربڑی تیزرفتاری کیساتھ عوام کی جائزشکایات کا ازالہ کیا جارہا ہے‘ایس پی انوسٹی گیشن

بدھ 16 جون 2021 12:56

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2021ء) ضم شدہ علاقے درہ آدم خیل میں ایس پی انوسٹی گیشن سید عنایت علی شاہ نے ڈی آر سی درہ آدم خیل کے چیئرمین ملک حاجی ہدایت الله آفریدی کی دعوت پر سب ڈویژن درہ آدم خیل ڈی آر سی ممبران اور علاقہ عمائدین کے ساتھ تھانہ درہ آدم خیل میں اہم اجلاس کا انعقاد کیا جس میں انسپکٹر جاوید خان، سب ایڈیشنل ایس ایچ او افضل خان، انویسٹی گیشن ریڈر گلزار خان، ڈی آر سی جنرل سیکرٹری ملک محمدنعیم افریدی ملک خان سمر وزیرافریدی نثارافریدی گل حواس ملک عثمان ودیگر ممبران کے علاوہ علاقہ مشران نے بھر پور شرکت کی۔

ایس پی انویسٹی گیشن سید عنایت علی شاہ نے ڈی آر سی کمیٹی درہ آدم خیل کے چیئر مین ملک حاجی ہدایت اللہ آفریدی اور ممبران سے ڈی آر سی کی کارکردگی کے بارے میں دریافت کیا جس پرڈی آر سی کے چیئر مین نے ایس پی انویسٹی گیشن کو زیرالتوا اورحل کیے گئے عوامی تنازعات پرجامع بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ایس پی انویسٹی گیشن نے کہاکہ ڈی آر سی درہ آدم خیل کی کارکردگی قابل ستائش ہے اوربڑی تیزرفتاری کیساتھ عوام کی جائزشکایات کا ازالہ کیا جارہا ہے اورفریقین کو مطمئن کیا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہرلحاظ سے ڈی آر سی درہ آدم خیل کی کارکردگی بہتر ہے تاہم اسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے ممبران پرزور دیا کہ وہ ہمیشہ خوف خدا کے ساتھ کام کریں اور میرٹ اورحقائق کومدنظر رکھ کرفیصلہ کریں۔ایمانداری اورجانفشانی سے اپنے فرائض سرانجام دیں کیونکہ دو فریقین کے مابین تصفیہ کروانا ایک بہترین عبادت ہے اور اس کا آپ کواجر بھی ملے گا لیکن یہ صرف ایسی صورت ممکن ہے جب آپ ایمانداری شفافیت اور غیرجانبداری کا مظاہرہ کرینگے اور مظلوم کی داد رسی کرینگے اورظالم کا راستہ روک کرانصاف کے تقاضوں کو پورا کریں گے۔

اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن نے مصالحتی کمیٹی کے چئیرمین اورممبران کو ضلعی پولیس کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آخر میں ایس پی انویسٹی گیشن نے اچھی کارکردگی دکھانے والے ڈی آر سی درہ آدم خیل کے چیئرمین اور جنرل سیکرٹری کو شیلڈز بھی دیں۔

متعلقہ عنوان :

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں