کوہاٹ ‘خواصی بانڈہ میں پولیو ٹیم پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار موقع پر جاں بحق

منگل 25 جنوری 2022 13:18

کوہاٹ ‘خواصی بانڈہ میں پولیو ٹیم پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار موقع پر جاں بحق
ْکوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2022ء) کوہاٹ شہرکے مضافاتی علاقہ اور پولیس سٹیشن جرما کی حدودمیں واقع خواصی بانڈہ میں پولیو ٹیم پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ ملزمان جائے وقوعہ سے فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس سے حاصل ابتدائی معلومات کے مطابق انسداد پولیو مہم کے دوسرے روزصبح تقریباً دس بجے کوہاٹ کے نواحی علاقہ خواصی بانڈہ میں پولیو کے قطرنے پلانے والی ایک ٹیم گھرگھر جاکر بچوں کو قطرے پلانے میں مصروف تھی کہ اس دوران مبینہ طورپر بعض نامعلوم موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار حامد پر اندھادھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی قریب واقع پولیس سٹیشن جرما کے ایس ایچ او اور دیگر پولیس افسر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور واقعہ کی تفتیش شروع کردی۔

(جاری ہے)

پولیس نے جاں بحق پولیس کانسٹیبل کی میت ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردی جس کے بعد ڈی آئی جی کوہاٹ طاہرایوب اور اٰیڈیشنل ڈپٹی کمشنر بشیر احمدسمیت دیگرانتظامی و پولیس افسربھی ہسپتال پہنچ گئے۔

مقتول کانسٹیبل کا تعلق ضلع ہنگو کی تحصیل ٹل سے بتایاجاتا ہے۔ واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقہ کا گھیراؤکرکے سرچ آپریشن شروع کردیا۔یاد رہے کہ پچھلے سال 19 ستمبر2021 کے روز پولیو مہم کے دوران نواحی علاقے ڈھل بہزادی میں بھی نامعلوم افراد نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کی تھی جس کے دوران ساجد نامی پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا تھا۔واضح رہے کہ پولیس اور مقامی انتظامیہ نے پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں پر ممکنہ خطرے کے پیش نظر خاطرخواہ انتظامات کررکھے تھے تاہم پھر بھی نامعلوم افراد نے پولیو ٹیم پر حملہ کرکے اپنے مذموم مقاصد میں کامیابی حاصل کرلی۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں