کوہاٹ ، سیکیورٹی مزیدسخت ، سرچ آپریشن کی تازہ کاروائیوں میں57 قانون شکن اسلحہ ومنشیات سمیت گرفتار

منگل 17 جولائی 2018 23:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2018ء) کوہاٹ میں سیکیورٹی مزیدسخت کرتے ہوئے سرچ آپریشن کی تازہ کاروائیوںمیں57 قانون شکنوںکو اسلحہ ومنشیات سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کی کاروائی مسلم آباد اور جنگل خیل کے علاقوں میں ٹارگٹڈ مقامات پرعمل میں لائی گئی ہے ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ سہیل خالد کی خصوصی ہدایت پرعام انتخابات کے پرامن انعقاد اور سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ضلع بھر میں حفاظتی انتظامات مزید سخت کردئیے گئے ہیں اور پولیس کو جرائم پیشہ و مشتبہ افراد کے خلاف موئثر کاروائی عمل میں لانے کاخصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے ۔

انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی تازہ کاروائی مضافاتی دیہات مسلم آباد اور جنگل خیل کی آبادی میں عمل میں لائی گئی جہاں ڈی ایس پی صدر روخان زیب، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر صنوبر خان ،ایس ایچ او تھانہ جرما انسپکٹر عظمت علی اور ایس ایچ او جنگل خیل کریمان علی کی سربراہی میں پولیس اور ایلیٹ فورس کی مختلف ٹیموں نے منگل کے روز ان علاقوں کا اچانک محاصرہ کرتے ہوئے ٹارگٹڈ مقامات پر چھاپہ مار کاروائیوں اور تلاشی آپریشن کے نتیجے میں مزید 57قانون شکن و مشتبہ افراد کو حراست میںلے لیا ہے ۔

(جاری ہے)

حساس معلومات پرمنعقدہ سرچ آپریشن کے دوران حراست میں لئے گئے بعض افراد کے قبضے سے خود کار اسلحہ اور منشیات بھی بر آمد ہوئی ہیں جن میں تین کلاشنکوف،ایک کلاکوف،دوریپیٹر،چار بندوقیں،دو رائفل،بارہ پستول،مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس ،اٹھارہ چارجرزاور چار کلو گرام چرس شامل ہیں۔الیکشن کے پرامن انعقاد کے سلسلے میں ہائی الرٹ سیکیورٹی اقدامات کے تناظر میں سرچ آپریشن کی اس تازہ کاروائی کے دوران گرفتار افراد کو چھان بین کیلئے متعلقہ تھانوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب شہر میں تحفظ عامہ کی خاطر سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے مئوثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں اورضلع بھر کے داخلی وخارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل بڑھاتے ہوئے بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکلوں اور کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف بھی سخت کریک ڈائون جاری ہے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں