کوہاٹ میں یوم شہدائے پولیس کے سلسلے میں خصوصی واک،ضلع ناظم اورنو منتخب اراکین قومی وصوبائی اسمبلی سمیت مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں کی شرکت

جمعہ 3 اگست 2018 23:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اگست2018ء) کوہاٹ میں یوم شہدائے پولیس کے سلسلے میں خصوصی واک کا اہتمام کیا گیا۔ا س حوالے سے ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی جسمیں ضلع ناظم نسیم آفریدی،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سہیل خالد،نو منتخب اراکین قومی وصوبائی اسمبلی،بلدیاتی نمائندوں،تاجر تنظیموں کے عہدیداروں،وکلاء برادری،مقامی پولیس افسران ،سیاسی ومذہبی جماعتوں کے مقامی رہنمائوں،سول سوسائٹی کے ارکان،اقلیتی برادری اور میڈیا کے نمائندوں نے بھر پور شرکت کی ۔

یوم شہداء کے حوالے سے نکالی گئی ریلی پشاور چوک سے شروع ہوئی اور کچہری چوک میں واقع شہدائے پولیس کیمپ پر اختتام پزیر ہوئی۔اس موقع پر واک میں شریک شہریوں نے ہاتھوں میں پولیس کے شہید اہلکاروں کی تصاویر،بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے خصوصی تحریریں درج تھیں۔

(جاری ہے)

واک کے شرکاء پولیس اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے اور خیبر پختونخوا پولیس کی شجاعت و بہادری کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے رہے۔

پولیس شہداء کی یاد میں منعقدہ واک سے ڈی پی او کوہاٹ سہیل خالد اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے پولیس فورس کے کانسٹیبل سے لیکر ایڈیشنل آئی جی رینک کے تمام شہید پولیس افسران اور اہلکاروں کی لازوال قربانیوں اور دہشتگردی سمیت درپیش عصری چیلنجز کا مردانہ وار مقابلہ کرنے میں پولیس کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔واک کے اختتام پر پولیس شہداء کے لئے بلندی درجات اور ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں