کوہاٹ ڈویژن میں بھی 71واں یوم آزادی انتہائی جوش و خروش اورقومی جذبے کے ساتھ منایا گیا

منگل 14 اگست 2018 22:45

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) ملک کے دوسرے حصوں کی طرح پورے کوہاٹ ڈویژن میں بھی 71واں یوم آزادی انتہائی جوش و خروش ،قومی جذبے اور اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایاگیا کہ لازوال قربانیوں سے حاصل کی گئی کہ اس مملکت خدادادکو عظیم سے عظیم تر اور پر امن ملک بنائیں گے ۔ اس دن کی مناسبت سے ڈویژنل اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں جشن آزادی کی تقریبات منعقد کی گئیں۔

سب سے بڑی تقریب ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کوہاٹ میں منعقد کی گئی جہاںنومنتخب رکن صوبائی اسمبلی ضیاء اللہ بنگش جو مہمان خصوصی تھے نے ڈسٹرکٹ ناظم کوہاٹ محمدنسیم آفریدی اورڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیا س کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی گئی جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے اس موقع پر سلامی دی۔

(جاری ہے)

تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوہاٹ شاہنواز ،قومی تعمیر نو محکموں کے سربراہوں،منتخب نمائندوں ، عمائدین علاقہ ،تاجر برادری اور مختلف سکولوں کے اساتذہ اوربچوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی جبکہ امان اللہ نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دئیے۔

سکول کے بچوں نے تقریب میں قومی ترانہ ،ملی نغمے اورٹیبلو پیش کرنے کے علاوہ خصوصی بچوں نے بھی ملی نغمہ پیش کیا جنہیںحاضرین نے بہت سراہا۔اس موقع پررکن صوبائی اسمبلی،ڈپٹی کمشنر اورضلع ناظم نے ڈسٹرکٹ کونسل کے لان میں پودے لگا کرشجرکاری مہم کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا۔مہمان خصوصی نے بہتر کارکردگی کے حامل افرادمیں شیلڈ اور اسناد تقسیم کیں۔

ضیاء اللہ بنگش نے اپنے خطاب میں کہا کہ پارٹی قائد عمران خان کی 22سالہ جدوجہد رنگ لے آئی ہے اور گزشتہ روز نئے پاکستان کی قومی اور صوبائی اسمبلیوں نے حلف اٹھالیاہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام نے دوسری مرتبہ بھاری مینڈیٹ دے کرپی ٹی آئی پرجس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اسے ٹھیس نہیں پہنچائے گی ۔ان کا کہنا تھا کہ حسب وعدہ نئے پاکستان کی طرح اب نیا کوہاٹ بھی بنے گا ۔

سرکاری محکموں کے حکام سے مخاطب ہوکر رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ انہیں سب سے زیادہ اپنے عوام عزیز ہیں اس لئے وہ اپنی توانائیاں عوام کی بہتری پر ٖہی صرف کریں اور انہیں تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ہر بندہ ایک پودہ لگاکر اس کی مکمل نشونما بھی کرے تاکہ ملک کو سرسبز و شاداب کیا جا سکے اسی طرح ایک پاکستانی کی حیثیت سے اپنے بچوں میں پاکستانیت کا جذبہ اجاگر کریں اور انہیں صرف اور صرف محب وطن پاکستانی بنائیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں