کوہاٹ میں کلین اینڈگرین پاکستان مہم کا آغاز،مشیر تعلیم کی مہم کو کامیاب بنانے کے لئے عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل

ہفتہ 13 اکتوبر 2018 22:33

کوہاٹ۔13 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2018ء) ملک بھر کی طرح کوہاٹ میں بھی کلین اینڈگرین پاکستان مہم کا آغاز کردیا گیا ۔اس حوالے سے ڈبلیو ایس ایس سی کوہاٹ کے زیراہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی مشیر تعلیم خیبر پختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش تھے۔تقریب میں ضلع ناظم نسیم آفریدی،ڈپٹی کمشنر خالد الیاس ،تحصیل ناظم ملک تیمور ،ڈبلیو ایس ایس سی کے چیف ایگزیکٹو عارف رؤف،ضلع و تحصیل کونسلرز ،ٹی ایم اے افسران و اہلکاروں کے علاوہ مختلف مکتبہ فکر کے لوگ شریک ہوئے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر تعلیم کاکہنا تھاکہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق صاف ستھرااور سرسبزوشاداب پاکستان مہم کو ملک کے چپے چپے تک پہنچائیں گے اور اسے ہر حال میں کامیاب بنائیں گے لیکن یہ صرف تب ممکن ہوگا جب عوام حکومت کا ساتھ دیں گے اور انشاء اللہ ہر پاکستانی آج سے اپنے علاقے ،محلے اور گلی کو اپنا گھر سمجھ کر صاف رکھے گااو ر اس مہم کو کامیاب بنائے گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھاکہ یہ ایک دن ،ہفتہ یا مہینہ رہنے والی مہم نہیں بلکہ ہمیشہ چلنے والی ایک تحریک ہے جس کا اختتام صاف اور سرسبز پاکستان پر ہوگا۔ضیاء بنگش نے کہاکہ اس مہم میں صفائی کے بعد ملک کو سرسبز بنانے اور ماحول کو انسانی زندگی کے لئے بہتر بنانے کے لئے شجرکاری بھی کی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اورعلماء جمعہ کے خطبات میں صفائی کی اہمیت کو اجاگر کریں ۔

مشیر تعلیم کا کہنا تھاکہ ان کا محکمہ پورے صوبے میں طلباء کو آگہی دے گا جس سے عوام میںصفائی کے حوالے سے بڑے پیمانے پر شعور بیدار کرنے میں مدد ملے گی اور اس حوالے سے جامع پلان تیار کیا جا رہا ہے۔تقریب سے ضلع ناظم نسیم آفریدی،ڈپٹی کمشنر خالد الیاس اور تحصیل ناظم کوہاٹ ملک تیمور نے بھی خطاب کیا اور اپنی کونسلز اور ماتحت کے اداروں کی طرف اس مہم میں بھرپور تعاون کا اعلان کیا۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں