کوہاٹ ،پولیس فورس کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ،سید فدا حسن شاہ

خیبر پختونخوا پولیس نے قیام امن کیلئے بھر پور کردار ادا کرکے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا ہے،عوامی خدمت اور پولیس فورس کی سربلندی کیلئے کیڈٹس کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانی ہوں گی،ڈی آئی جی ٹریننگ کا پاسنگ آئوٹ تقریب سے خطاب

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 19:55

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2018ء) ڈی آئی جی ٹریننگ خیبر پختونخوا سید فدا حسن شاہ نے کہا ہے کہ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پولیس فورس کی تربیتی ضروریات کو عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کردیا گیا ہے۔خیبر پختونخوا پولیس نے فرنٹ لائن فورس کے طور پر قیام امن کیلئے بھر پور کردار ادا کرکے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا ہے۔

ٹریفک منیجمنٹ سکول خیبر پختونخواکوہاٹ میں 72کیڈٹس پر مشتمل 152ویں ایڈانس ٹریفک منیجمنٹ کورس کی پاسنگ آئوٹ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریننگ خیبر پختونخوا سید فدا حسن شاہ نے کہا کہ عوامی خدمت اور پولیس فورس کی سربلندی کیلئے کیڈٹس کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانی ہوں گی۔

(جاری ہے)

پولیس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا کرنے کیلئے تربیتی ضروریات کودور جدید کے درپیش چیلنجز کے مطابق ڈھالا جارہا ہے اور فورس کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جارہے ہیں کیونکہ فورس کے جوانوں کی بہترین صلاحیتوں کا اظہار اعلیٰ تربیت کا مظہر ہے۔

انہوں نے ٹریفک منیجمنٹ کورس کامیابی سے مکمل کرنیوالے پولیس جوانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر حال میں پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی بہترین انجام دہی آپکا فرض ہے ،بدعنوانی اور رشوت ستانی کے خاتمے میں آپکا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،عوام کیساتھ آپکے تعلقات پیشہ ورانہ بنیادوں پر استوار ہونے چاہئیں کیونکہ ٹریفک اہلکار عوام کے اندر پولیس فورس کی امیج بلڈنگ کا آئینہ دار ہوتے ہیں ۔

انہوں نے کورس کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ فورس کی نظم وضبط اور اپنی ٹرن آئوٹ کا خیال رکھتے ہوئے فرائض منصبی کی ادائیگی میں چوکس رہنے اور اس ادارے سے سیکھے ہوئے علم اور تجربے کو بروئے کار لاکر عوامی خدمت کو شعار بنائیں ،فرائض میں غفلت اور سستی و کاہلی سے گریز کریںاور ہر معاملے میں تحمل مزاجی کا مظاہرہ کرکے اعلیٰ اخلاق اورشائستہ روئیے سے عوام کے دلوں میں اپنی دھاک بٹھائیں۔

ڈی آئی جی ٹریننگ سید فدا حسن شاہ نے سکول انتطامیہ کی طرف سے سامنے آنیوالے مسائل کے فوری حل اور ٹریفک منیجمنٹ سکول کو صوبے کے دیگر سپیشلائیزڈ سکولوں کے برابر لانے کا اعلان کرتے ہوئے اسمیں تربیت حاصل کرنیوالے پولیس جوانوں کو دور جدید کی تمام سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب کے دوران ٹریفک منیجمنٹ سکول کے ڈائریکٹر ڈی ایس پی ابراہیم اللہ خان نے مہمان خصوصی کو ادارے کی طرف سے اعزازی سوینئیر پیش کیا جبکہ مہمان خصوصی ڈی آئی جی ٹریننگ فدا حسن شاہ نے کورس میں پہلی ،دوسری اورتیسری پوزیشن حاصل کرنیوالے کیڈٹس و سکول کے تربیتی اور انتظامی سٹاف میںنقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں اسی طرح ڈی ایس پی سٹی کوہاٹ رضا محمد ،ڈی ایس پی صدر روخان زیب،ڈی ایس پی لاچی شیر افسر،ڈی ایس پی ایڈمن ٹریفک منیجمنٹ سکول بشیر داد اور ڈائریکٹرپولیس ٹریننگ سکول کوہاٹ سید مختار شاہ نے پاس آئوٹ ہونیوالے پولیس اہلکاروں میں اسناد تقسیم کئے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں