کوہاٹ پولیس نے سرگرم آئس نشہ سمگلر نیٹ ورک کے دو ارکان کو گرفتار کرلیا، خطرناک نشہ آئس برآمد

اتوار 21 اکتوبر 2018 19:30

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2018ء) کوہاٹ پولیس نے صوبے میں سرگرم آئس نشہ سمگلر نیٹ ورک کے دو ارکان کو گرفتار کرلیا ہے ۔کاروائی میں زیر حراست ملزمان کے قبضے سے خطرناک نشہ آئس برآمد کرلی گئی ہے۔صوبے کے مختلف اضلاع کو آئس سپلائی کرنیوالے ملزمان کو پشاور سے کوہاٹ آتے ہوئے مسافر کوچ سے حراست میں لیا گیا ہے۔گرفتار ملزمان نے گروہ کے دیگر ارکان کی صوبائی دارالحکومت پشاور کے تعلیمی اداروں میں آئس پہنچانے میں ملوث ہونے کابھی انکشاف کیا ہے ۔

ڈی ایس پی صدر روخان زیب کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ سہیل خالد کی وضع کردہ حکمت عملی کے تحت منشیات سمگلروں کے گرد شکنجہ کس لیا گیا ہے اور ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون بھر پور انداز میں جاری ہے ۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی کے مطابق کریک ڈائون کے اس تسلسل میں ایک خفیہ اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے اے ایس آئی حکیم خان نے پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ بنوں روڈ پر باقی زئی چوک میں ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ شروع کررکھی تھی کہ اس اثناء میں پشاور سے آنیوالی ایک مسافر فلائنگ کوچ کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا ۔

تلاشی کے دوران پولیس نے فلائنگ کوچ میں سوار آئس سمگلر نیٹ ورک کے دوارکان سلطان محمد ولد علی احمد سکنہ پشاور اور انداز خان ولد شیر مداز سکنہ ضلع خیبر کو گرفتار کرلیا اور انکے قبضے سے مجموعی طور پر 61گرام آئس برآمد کرلی ۔پولیس نے زیر حراست آئس سمگلروں کے خلاف تھانہ محمد ریاض شہید میں مقدمہ درج کرلیا ہے جن سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ڈی اایس پی روخان زیب نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کا تعلق خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت مختلف شہروں میں سرگرم آئس سمگلر نیٹ ورک سے ہے جنہوں نے ابتدائی تفتیش میں گروہ کے دیگر ارکان کی پشاور کے تعلیمی اداروں میں آئس کا نشہ پہنچانے میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

ڈی ایس پی کے بقول گرفتار ملزمان کو مزید تحقیقات کیلئے تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے جن سے آئس سمگلنگ اور فروخت میں ملوث نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی نشاندہی کے بارے میں مزید اہم انکشاف کی توقع کی جارہی ہے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں