کوہاٹ میں حلال فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کرنیوالی بیکریوں ، آئس فیکٹریوں کو توصیفی لائسنس سرٹیفیکیٹ

منگل 23 اکتوبر 2018 19:49

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2018ء) کوہاٹ میں حلال فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے حفظان صحت کے اصولوں پر عمل پیرا اور صفائی کا بہترین خیال رکھنے پر شہر کی دو بیکریوں،ایک آئس کریم فیکٹری اور ایک ہوٹل کو توصیفی لائسنس سرٹیفیکیٹ دے دیئے ہیں۔ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن محمد اعجاز ،ڈائریکٹر آپریشن فوڈ سیفٹی کے پی کے خالد خٹک،ڈپٹی دائریکٹر فوڈ سیفٹی کوہاٹ محمد کامران نے سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے۔

خیبر پختونخوا حلال فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے سال رواں کوہاٹ میں 1710مقامات پر آپریشنل کارروائیوں کے دوران مختلف قسم کے 7199 غیر معیاری خورد نی اشیاء تلف کی ہیں۔گزشتہ ششماہی کے دوران کوہاٹ شہر اور مضافات کے علاقوں میں بیکریوں ،ہوٹلوں اور فوڈ پوائنٹس سمیت خوراک تیار کرنیوالے 48مقامات کو ملاوٹ اور ناقص صفائی پر سیل کردیا گیا ہے جبکہ فوڈ سیفٹی کی متعلقہ قوانین کے تحت 628افراد کو قانونی نوٹسز جاری کردئیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سال رواں کے اس عرصے میں سکول و کالجز میں چپس اور کولڈ ڈرنکس پر عائد پابندی کے قوانین پرعملدرآمد کا سلسلہ تیز کرتے ہوئے درجنوں تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم اور تربیتی ورکشاپس کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اسی طرح دیگر صوبوں سے خیبر پختونخوا میں ملاوٹ شدہ دودھ سپلائی کرنیوالی درجنوں ٹینکرز مالکان پرلاکھوں روپے کا بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔

کارروائیوں میں زیادہ تر جرمانے چائنہ سالٹ و نان فوڈ کلر اشیاء اور زائدالمیعاد و غیر معیاری چپس ومشروبات فروخت کرنیوالے عناصر پر عائد کئے گئے ہیں۔یہ بات صوبائی حلال فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر برائے کوہاٹ ڈویژن کامران خان یوسفزئی نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کوہاٹ ریجن محمد اعجاز خان کو حلال فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔

اس موقع پر ایک پروقار تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا جسمیں خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ڈائریکٹر آپریشن خالد خان خٹک اورفوڈ سیفٹی اتھارٹی کوہاٹ ڈویژن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر رخسار علی بھی موجود تھے۔تقریب کے دوران حلال فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی اختیارات اور کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر کامران خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کی شکایات ،صفائی کی صورتحال ، مضر صحت و زائد المیعاد اشیاء اور ممنوعہ اشیائے خورد ونوش کی چیک اینڈ بیلنس کے تمام اختیارات صوبائی حکومت کی طرف سے حلال فوڈ سیفٹی اتھارٹی کو تفویض کردئیے گئے ہیں جبکہ محکمہ خوراک،محکمہ صحت،ٹورازم ڈیپارٹمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کو اس ضمن میںفوڈ سیفٹی اتھارٹی کی مدد و تعاون کا پابند بناتے ہوئے صرف ا شیائے خورد ونوش کی قیمتوں کے تعین کی ذمہ داریاں حوالہ کردی گئی ہیں۔

انہوں نے واضح کردیا کہ سکول و کالجز کے احاطے اور ملحقہ دکانوںمیں چپس اور کولڈ ڈرنکس کی فروخت پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے چائنہ سالٹ اور نان فوڈ کلر کے استعمال پر پابندی کے ضمن میں آپریشن کا عمل تیز کرتے ہوئے اب تک ہزاروں پیکٹ چائنہ سالٹ اور نان فوڈ کلر اشیاء قبضے میںلئے گئے ہیں اور کاروائی میں درجنوں دکانداروں ،بیکری و ہوٹل اور فوڈ پوائنٹس مالکان سے مجموعی طور پر 23لاکھ 30ہزار جرمانہ وصول کرکے سرکاری خزانے میں جمع کرادیا گیا ہے۔

اس موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن محمد اعجاز خان نے کہا کہ حلال فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے قیام کا مقصد شہریوں کو ملاوٹ سے پاک،صاف ستھری اور معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے ۔انہوں نے فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے حکام پر زور دیا کہ وہ عوام کی صحت سے کھیلنے والے قانون شکن عناصر کی سرکوبی اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق شہریوں کو صاف ستھری چیزیں فراہم کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کار خیر کے اس عمل میں پولیس بھی اپنا کردار بطریق احسن ادا کرتی رہے گی اور تحفظ عامہ میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔تقریب کے دوران حلال فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مقامی حکام نے ڈی آئی جی کوہاٹ کو اعزازی شیلڈ پیش کیا جبکہ ڈی آئی جی محمد اعجاز خان نے حلال فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی طرف سے مطلوبہ معیار پر پورااترنے والے مختلف ہوٹلوں و بیکری مالکان میں تعریفی اسناد تقسیم کئے جن میں سپین غر ہوٹل،شاہین آئس کریم،براڈ وے اور نرالہ بیکری شامل ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں