کوہاٹ پولیس نے دو مسلح نقاب پوش ڈاکوئوں کو گرفتار کرلیا

،قبضے سے خود کار اسلحہ ،لوٹاہوا مال برآمد

جمعہ 7 دسمبر 2018 20:16

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2018ء) کوہاٹ پولیس نے لوگوں کو لوٹنے والے دو مسلح نقاب پوش ڈاکوئوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ملزمان کے قبضے سے خود کار اسلحہ اور لوٹاہوا مال بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔مسلح ڈاکوئوں کو گمبٹ کے علاقہ تولنج روڈ پر رہزنی کی واردات کے بعد فرار ہوتے وقت حراست میں لیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ڈی پی او کیپٹن(ر)واحد محمود کی طرف سے عوام کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی اقدامات کے سلسلے میںایس ایچ او تھانہ گمبٹ یوسف حیات پولیس نفری کے ہمراہ گزشتہ شب علاقائی گشت پر تھے کہ اس اثناء میں انہیں اطلاع ملی کہ تولنج روڈ پر دو مسلح نقاب پوش ڈاکوئوں نے اسلحہ کی نوک پر کچھ افراد کو لوٹ لیا ہے ۔

اس اطلاع پر پولیس نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پرپہنچ گئی اورعلاقے کا محاصرہ کرتے ہوئے طویل تعاقب کے دوران موٹر سائیکل پر فرار ہونیوالے دو مسلح رہزنوں حضرت عبید ،احمد محفوظ ساکنان تولنج جدید کو حراست میں لے لیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے زیر حراست رہزنوں کے قبضے سے پستول بمعہ کارتوس ، خنجر اور نقاب بھی برآمد کرلئے جبکہ مزید تلاشی کے دوران پولیس نے رہزنی کی واردات میں لوگوں سے لوٹی گئی مجموعی طور پر ساڑھے چار ہزار روپے کی نقدی ،موبائل فون سیٹس،شناختی کارڈز ،اے ٹی ایم کارڈز اور ڈرائیونگ لائسنس کارڈ بھی ڈاکوئوں کے قبضے سے برآمد کرکے تحویل میں لے لی ہیں۔

کامیاب کاروائی کے دوران حراست میں لئے گئے دونوںڈاکوئوں کو فوری طور پر تھانہ گمبٹ منتقل کردیا گیا جہاں انکے خلاف رہزنی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔زیر حراست رہزنوں کو بعد ازاں عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ پر تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے جنہوں نے ابتدائی پوچھ گچھ میں اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے جبکہ دوران تفتیش ملزمان سے مزید بھی اہم انکشافات متوقع ہیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں