ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے بجلی چوری میں معاونت کرنے پرعلاقہ سورگل کے میٹر ریڈر کو فوری طورپر معطل کردیا

پیر 17 دسمبر 2018 22:12

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) کوہاٹ میںبجلی کے بقایا جات کی وصولی اور بجلی چوری کی روک تھام کیلئے ضلع بھر میںجاری آپریشن کے دوران اب تک واپڈا کے ڈیفالٹر ز سے دیہی علاقوں میں 50 لاکھ جبکہ شہری علاقوںمیں18 لاکھ روپے کی ریکوری کی جاچکی ہے۔ اسی طرح81 افراد کے خلاف ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں جبکہ بجلی چوری میں معاونت کرنے پرایک میٹر ریڈر کو فوری طورپر معطل کیاگیاہے۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر کوہاٹ مطیع اللہ خان کو پیر کو بجلی کے بقایاجات کی وصولی اوربجلی چوری کے خلاف جاری آپریشن سے متعلق منعقدہ اجلاس میںبتائی گئی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہ نواز نوید اور اسسٹنٹ کمشنر کیپٹن (ر) عبدالرحمن کے علاوہ ایکسئین پیسکو، پولیس اوردیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ڈیفالٹرز اوربجلی چوری میں ملوث افراد کو متنبہ کیا ہے کہ وہ بلا تاخیر رضاکارانہ طور پر بقایا جا ت کی ادائیگی یقینی بنائیں اوراپنے خراب یا ٹیمپرڈ میٹر ز کی تبدیلی کے لئے فوری طور پرپیسکو سے رابطہ کریں اور کنڈے ہٹائیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ آپریشن وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ہدایت پر شروع کیاگیا ہے جس کا مقصد عوام کو لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کے عذاب سے نجات دلا کربلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بناناہے اور انشاء اللہ اسے ہر صورت منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ آپریشن یکطرفہ نہیں ہوگا بلکہ جو بھی چاہے عوام ہو یا سرکاری اہلکارمجرم پایا گیا اسکے خلاف سخت قانونی کارروائی ہو گی۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں