کوہاٹ ،لاچی میں گیس پریشر میںکمی کیخلاف سینکڑوں مشتعل افراد کااحتجاجی مظاہرہ

منگل 25 دسمبر 2018 18:01

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2018ء) کوہاٹ کی تحصیل لاچی میں گیس پریشر میںکمی کے خلاف سینکڑوں مشتعل افراد نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور تقریباً پانچ گھنٹوں تک دھرنا دے کر ملک کی سب سے بڑی اور مصروف ترین قومی شاہراہ’ انڈس ہائی وے‘ کوہرقسم کی ٹریفک کے لئے احتجاجاًبندکئے رکھا جس کے باعث قومی شاہراہ پر دونوں جانب چھوٹی بڑی سینکڑوںگاڑیوں کی میلوں لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔

تفصیلات کے مطابق تحصیل لاچی کے شہری و دیہی علاقوںکے سینکڑوں مشتعل افرادنے پیر کے روز تقریبا ًصبح دس بجے مین بازار لاچی میں جمع ہوکرانڈ س ہائی وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا۔پولیس سٹیشن لاچی کے ایس ایچ او نذرعباس کے مطابق عوام علاقے میں گیس پریشرمیں کمی کے خلاف احتجاج کررہے تھے جن کی قیادت ممبرصوبائی اسمبلی شا ہ داد خان کررہے تھے۔

(جاری ہے)

مظاہرین کا ایک ہی مطالبہ تھا کہ مستقل بنیادوں پر علاقے میں گیس کی پریشر میں کمی کو دورکیاجائے ۔مظاہرین نے مین بازار لاچی میں دھرنا دے کر مصروف ترین قومی شاہراہ کو تقریباً پانچ گھنٹوں تک ہرقسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا ۔دھرنا اور احتجاج کے باعث پشاورتا کراچی بشمول خیبرپختونخواہ کے کئی جنوبی اضلاع کا زمینی رابطہ کئی گھنٹوں کے لئے معطل رہا اوراہم ترین قومی شاہراہ پر دوطرفہ چھوٹی بڑی مسافر گاڑیوں اور مال بردار گاڑیوں کی میلوں لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں جس کے باعث خواتین اوربچوں سمیت مسافروں کواپنی منزل مقصود تک پہنچنے میں شدید مشکلات پیش آئیں جبکہ مریض رٴْل گئے۔

آمدہ اطلاعات کے مطابق مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کے لئے کوہاٹ انتظامیہ‘ سوئی گیس اور پولیس حکام اور سینیٹر شمیم آفریدی بھی پہنچ گئے۔پولیس حکام کے مطابق مقامی انتظامیہ کی جانب سے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر طاہرعلی نے مظاہرین سے کئی گھنٹوں تک مذاکرات کئے جہاں گیس پریشرمیں کمی دورکرنے کی یقین دہانی پر کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں تقریباً تین بجے سہ پہر مظاہرین نے اپنا پرامن احتجاج ختم کرکے قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لئے کھول دیاتاہم قومی شاہراہ پردونوں جانب سے بہت زیادہ ٹریفک جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی بحال کرنے میں مزید کئی گھنٹے لگ گئے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں