کوہاٹ’ انڈس ہائی وے کو پانچ گھنٹوں تک بند کرنے کی پاداش میں ممبرصوبائی اسمبلی میجر(ر)شاہ داد خان اورمولانا نیازمحمد سمیت 14 افراد کے خلاف مقدمہ درج

بدھ 26 دسمبر 2018 13:50

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2018ء) کوہاٹ کی تحصیل لاچی میں مصروف ترین قومی شاہراہ’ انڈس ہائی وے‘ کو پانچ گھنٹوں تک بند کرنے کی پاداش میں ممبرصوبائی اسمبلی میجر(ر)شاہ داد خان اور سابق ضلع ناظم مولانا نیازمحمد سمیت 14 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ گزشتہ روزگیس پریشر میںکمی کے خلاف سینکڑوں مشتعل افراد نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا تھااور پانچ گھنٹوں تک دھرنا دے کر ملک کی سب سے بڑی اور مصروف ترین قومی شاہراہ’ انڈس ہائی وے‘ کوہرقسم کی ٹریفک کے لئے احتجاجاًبندکئے رکھا تھاجس پر مقامی پولیس نے پولیس سٹیشن لاچی میں احتجاجی مظاہرہ کی قیادت کرنے والے سرکردہ افرادکے خلاف مختلف زیردفعہ 3/4 ‘149‘147 ‘153 ‘342 ‘341 اور506 کے تحت مقدمہ درج کیاگیا ہے۔

پولیس کے مطابق جن 14افراد کے خلاف روڈ بندش کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے اٴْن میں متحدہ مجلس عمل سے تعلق رکھنے والے کوہاٹ کے حلقہ پی کی81 سے ممبرصوبائی اسمبلی میجرشاہ دادخان‘ سابقہ ضلع ناظم مولانا نیازمحمد‘ تحصیل کونسلر فوادخان‘عالم خان اورگل زیب خان‘ ویلج ناظم احسان خان‘ صابریعقوب کونسلر‘ زکریا خان‘ شہزادخان‘ خیال بازخان‘ محمدعالمگیرخان‘ منظورخان اوراقلیم خان وغیرہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ان افراد نے لاؤڈسپیکر کے ذریعے انتظامیہ اور گیس حکام کو دھمکیاں دی تھیں۔اگرچہ ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے تاہم پولیس مقدمہ میں نامزد افراد کی گرفتاری کے لئے کوششیں کررہی ہے۔ یادرہے کہ تین روز قبل پیرکے روزتحصیل لاچی کے شہری و دیہی علاقوںکے سینکڑوں مشتعل افرادنے ممبر صوبائی اسمبلی مجیر (ر) شاہ داد خان کی قیادت میںعلاقے میں گیس پریشر میں کمی کے خلاف دھرنا دیا تھا اورمصروف ترین قومی شاہراہ ’انڈ س ہائی وے ‘کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے پانچ گھنٹوں تک بند کردیاتھاجس کے باعث پشاورتا کراچی بشمول خیبرپختونخواہ کے کئی جنوبی اضلاع کا زمینی رابطہ کئی گھنٹوں تک معطل ہوکررہ گیا تھا۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں