کوہاٹ پولیس نے موٹر کار کے ذریعے اسلحہ کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی

جمعہ 28 دسمبر 2018 22:16

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 دسمبر2018ء) کوہاٹ پولیس نے موٹر کار کے ذریعے اسلحہ کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ہے۔ کارروائی میں تین بین الاضلاعی سمگلر ہتھیاروںسے بھری گاڑی سمیت پکڑے گئے ہیں۔کامیاب کارروائی خفیہ اطلاعات پر عمل میں لائی گئی ۔پولیس نے انڈس ہائی وے پر لاچی ٹول پلازہ کے قریب موٹر کار کے خفیہ خانوں سے اسلحہ برآمد کرکے کار سوار تینوں سمگلروں کو حراست میں لے لیا۔

پکڑے جانیوالے خود کار اسلحے میں کلاشنکوف،ریپیٹر،پستول،کارتوس اور مختلف ہتھیاروں کے پرزے شامل ہیں۔ ڈی ایس پی لاچی سرکل شیر افسر خان نے کارروائی کے حوالے سے بتایا کہ ڈی پی او کیپٹن(ر)واحد محمود کی خصوصی احکامات کی روشنی میں جہاں ضلع بھر میں نیشنل ایکشن پلان کی عملداری کے تحت جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھر پور سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے وہیں اسلحہ ومنشیات اور دیگر اشیاء کی غیر قانونی سمگلنگ کو روکنے کیلئے شہر کی مختلف شاہراہوں پر خصوصی ناکہ بندیاں بھی قائم کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی نے بتایا کہ ایس ایچ او تھانہ لاچی نذر عباس نے ایک خفیہ اطلاع پر پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ انڈس ہائی وے پر لاچی ٹول پلازہ کے قریب ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ شروع کررکھا تھا کہ اس اثناء میں درہ آدم خیل سے آنیوالی ایک مشکوک موٹر کارنمبر اسلام آبادAY- 901 کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا۔پولیس نے تلاشی کے دوران موٹر کار کے خفیہ خانوں میں انتہائی مہارت سے چھپائے گئے اسلحے کی بھاری کھیپ برآمد کرکے کار سوار تین بین الاضلاعی اسلحہ سمگلروںجاسیم اللہ ولد نصیب اللہ، نور نواز ولد اختر زمان اورسخی زمان ولد مرزا خان ساکنان بنوں کو فوری طور پر حراست میں لے لیا۔

ڈی ایس پی کے مطابق موٹر کار سے پکڑے گئے خود کار اسلحے میں 3 کلاشنکوف،4 ریپیٹر،8 پستول ،مختلف بور کے 1625کارتوس،28چارجرزاور ہتھیاروں کے پرزے شامل ہیں۔ڈی ایس پی شیر افسر خان نے مزید بتایا کہ پکڑا جانیوالا اسلحہ درہ آدم خیل سے خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع کو سمگل کیا جارہا تھا جسکا زیر حراست سمگلروں نے اعتراف کرلیا ہے۔ڈی ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ اسلحے سے بھری موٹر کار سمیت پکڑے گئے تینوں سمگلروں کے خلاف تھانہ لاچی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جن سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے اور دوران تفتیش ملزمان سے مزید اہم انکشافات کی بھی توقع کی جارہی ہے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں