موجودہ حکومت تعلیم کے شعبہ میں اصلاحات لاکر قبائلی اضلاع میں تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے‘مشیر تعلیم کے پی کے

شمالی وزیرستان سمیت تمام قبائلی اضلاع میں اساتذہ کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پوراکرکے تمام سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی ‘ضیاء اللہ بنگش

اتوار 30 دسمبر 2018 13:20

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 دسمبر2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کے مشیر برائے تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ موجودہ حکومت تعلیم کے شعبہ میں اصلاحات لاکر قبائلی اضلاع میں تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جن کا مقصد بہترین تعلیمی سہولیات اور معیاری تعلیم کی فراہمی ہے۔ شمالی وزیرستان سمیت تمام قبائلی اضلاع میں اساتذہ کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پوراکرکے تمام سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے اور مزید بہتربنانے کے لئے خود مختارمانیٹرنگ یونٹ متعارف کرکے ٹیچنگ سٹاف کی حاضری یقینی بنائے جائے گی۔

گزشتہ روز ایک روزہ سرکاری دورے کے موقع پرقبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے صدرمقام میران شاہ اوربعدازاں گورنمنٹ ہائی سکول دوسلی میں اساتذہ‘ عمائدین‘ قبائلی مشران اورمقامی نوجوانوں سے ملاقات اور جرگہ سے خطاب کے دوران کہا کہ حکومت قبائلی اضلاع کے سکولوں میں اساتذہ کے لئے ریشنلائزیشن پالیسی متعارف کررہی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پراٴْن کے ہمراہ قبائلی اضلاع کے ڈائریکٹرایجوکیشن ہاشم خان آفریدی اور دیگر متعلقہ مقامی حکام بھی موجودتھے۔

مشیر تعلیم نے اپنے دورہ شمالی وزیرستان کے دوران گورنمنٹ ہائی سکول دوسلی کی اپ گریڈیشن ‘ شمالی وزیرستان میں سٹیٹ آف دی آرٹ گرلز سکول کو نئے تعلیمی سال پر فعال کرنے اورشمالی وزیرستان کے تما سرکاری ہائی سکولوں میں انفارمیشن لیبارٹریز بنانے کے اعلانات بھی کئے اور کہا عنقریب شمالی وزیرستان کے لوگ تعلیمی شعبے میں بڑی تبدیلی دیکھیں گے۔

ضیاء اللہ بنگش نے تمام تعلیمی دفاتر متعلقہ قبائلی اضلاع کے ہیڈکوارٹرزمیں شفٹ کرنے کا اعلان بھی کیا اور مستقل طورپر غیرحاضر اساتذہ کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرنے کا حکم بھی دے دیا۔مشیر تعلیم نے مقامی مشران اور لوگوں سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ شمالی وزیرستان میں تعلیم کی بہتری اور قبائلی اضلاع کی ترقی میں صوبائی حکومت کا ساتھ دیں اور مقامی کمیونٹی بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دے کر ہر بچے کو سکول میں داخلہ دلائیں۔

قبل ازیں میران شاہ پہنچنے پر اٴْنہیں کانفرنس ہال میں ضلع میں جاری تعلیمی سرگرمیوں سے متعلق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پرڈپٹی کمشنرشمالی وزیرستان ناصر خان اور دیگر مقامی افسربھی موجود تھے۔ بریفنگ کے بعد مشیر تعلیم نے قبائلی ملکان‘ پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنماؤں اور نوجوانوں سے ملاقات کی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق صوبائی مشیر تعلیم برائے تعلیم ضیا ء اللہ بنگش نے گولڈن ایرو سکولز(بوائز/گرلز) اور گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج میران شاہ کا دورہ بھی کیا۔

بعدازاں صوبائی مشیر تعلیم گورنمنٹ ہائی سکول دوسلی بھی گئے جہاں پراٴْنہوں نے مقامی عمائدین اور نوجوانوں سے ملاقات کی۔ یاد رہے کہ صوبائی مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے ایک ہفتہ قبل جنوبی وزیرستان کا پہلا سرکاری دورہ کیاتھا-

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں