کوہاٹ میں پولیس اہلکاروں کیلئے پروفیشنل کورسز کرانے کیلئے خصوصی ورکشاپس

منگل 15 جنوری 2019 00:03

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2019ء) کوہاٹ میں پولیس اہلکاروں کو پروفیشنل کورسز کرانے کیلئے خصوصی ورکشاپس کا سلسلہ جاری ہے ۔تربیتی کورسز میں پولیس جوانوں کو دھماکہ خیز مواد ناکارہ بنانے،کمپیوٹر کی ابتدائی تعلیم ،انفارمیشن ٹیکنالوجی میں مہارت، ابتدائی طبی امداد کے رہنما ء اصولوں ،پولیس پریکٹیکل فیلڈ ورک ،تھانے کے رجسٹرات،رویوں میں شائستگی و سوشل ورک ،حالات حاضرہ کے چیلنجز اور روزمرہ فیلڈ ورک کے دوران درپیش قانونی امور کے بارے میںعملی تجربے اور علوم سے روشناس کرایا جارہا ہے ۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود کی خصوصی ہدایت پرضلعی پولیس جوانوں کو دو حاضر کے درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور انکے پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید نکھار پید کرنے کیلئے پولیس لائینز کوہاٹ میں خصوصی پروفیشنل کورسز کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

تربیتی کورسز میں پولیس کے ماہر افسران، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین ،بم ڈسپوزل سکواڈ کے ٹیکنیشنز اور ریسکیو 1122کے انسٹرکٹر زکی خدمات حاصل کرلی گئی ہے جو کہ خصوصی لیکچرز اور عملی مشقوںکے ذریعے پولیس جوانوں کوپیشہ ورانہ امور نبھانے کے طریقہ کار سے روشناس کرارہے ہیں۔

تربیتی کورسز میں پولیس جوانوں کو بم و بارود کا پتہ لگانے اور مختلف اقسام کے دھماکہ خیز مواد کومحتاط انداز میں ناکارہ بنانے کے تدبیری طریقہ کار سے روشناس کرایا جارہا ہے۔پولیس جوانوں کو کمپیوٹر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ابتدائی تعلیم دینے کے علاوہ ہنگامی صورتحال میں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے رہنما اصولوں کی عملی مشقیں بھی کرائی جارہی ہیں۔

علاوہ ازیں تربیتی کورسز کے شرکاء کوپولیس پریکٹیکل فیلڈ ورک ،تھانے کے رجسٹرات میں مختلف نوعیت کے اندراجات،رویوں میں مثبت تبدیلی کی رو سے عوام کیساتھ بہتر طرز عمل اپنانے اور حالات حاضرہ کے درپیش چیلنجز سے بہتر طور پر نمٹنے کے ساتھ ساتھ روزمرہ کی فیلڈ ڈیوٹی کے دوران درپیش قانونی امور میں خصوصی گائیڈ لائنز سے استفادہ کرنے کی مئوثر معلومات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔

پولیس جوانوں کے لئے پروفیشنل کورسز کرانے کیلئے ڈی ایس پی لیگل اسحاق گل کی سربراہی میں ماہرپولیس افسران پر مشتمل ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے جبکہ ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن(ر)واحد محمود تربیتی کورسز کے تمام تر عوامل کی خود نگرانی کررہے ہیں۔تربیتی کورسز کے مطلوبہ مقاصد کے حوالے سے ڈی پی او کا کہنا ہے کہ علمی اور عملی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کی بدولت پولیس فورس کی استعداد کار مزید بڑھے گی جبکہ پروفیشنل کورسز کے دوران پولیس اہلکاروں کے حاصل کردہ علم اور تجربے سے عوام کو بھی وابستہ امور میں بھر پور ریلیف ملے گا۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں