کوہاٹ پولیس نے لاکھوں مالیت کی چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ہے

ٹنل ٹول پلازہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر کاروائی کے دوران منشیات سے بھری گاڑی پکڑ کر دو بین الاضلاعی سمگلروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے

منگل 22 جنوری 2019 19:50

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2019ء) کوہاٹ پولیس نے لاکھوں مالیت کی چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ہے ۔ٹنل ٹول پلازہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر کاروائی کے دوران منشیات سے بھری گاڑی پکڑ کر دو بین الاضلاعی سمگلروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔منشیات سمگل کرتے پکڑے جانیوالے دونوں سمگلروں کا تعلق قبائلی ضلع خیبر سے ہے جو انڈس ہائی وے کے راستے چرس جنوبی اضلاع کو سمگل کرنا چاہتے تھے۔

اے ایس پی صدر سرکل محمد نبیل کھوکھر کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر)واحد محمود کی واضح احکامات کی روشنی میں شہر کی دیگر شاہراہوں کی طرح کوہاٹ انڈس ہائی وے کے مختلف مقامات پر بھی چیکنگ کا عمل یقینی بنانے کیلئے پولیس چوبیس گھنٹے الرٹ رہتی ہے ۔چیکنگ کے اس تسلسل میں ایس ایچ او تھانہ محمدریاض شہید انسپکٹر آصف شریف نے پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ انڈس ہائی وے پر ٹنل ٹول پلازہ کے قریب واقع پولیس چیک پوسٹ میں ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی تلاشی کا عمل شروع کررکھا تھا کہ اس اثناء میں پشاور کی طرف سے آنیوالی ایک مشکوک موٹر کار نمبر FDN-8001کو چیکنگ کی غرض سے روک لیا گیا۔

(جاری ہے)

تلاشی کے دوران پولیس نے موٹر کار کے خفیہ خانوں میں چھپائے گئے چرس کے متعدد پیکٹ برآمد کرکے موٹر کار میں سوار منشیات کے دو بین الاضلاعی سمگلروں شوکت شاہ ولد گل بت خان اور عبدالقدیر ولد اختر شاہ ساکنان ضلع خیبر کو گاڑی سمیت گرفتار کرلیا۔اے ایس پی نے بتایا کہ پکڑی گئی مجموعی طور پر 16کلو گرام سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی چرس ضلع خیبر سے جنوبی اضلاع کو سمگل کی جارہی تھی جسکا گرفتار سمگلروں نے اعتراف کرلیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ منشیات سے بھری گاڑی سمیت گرفتار دونوں سمگلروں کے خلاف تھانہ محمدریاض شہید میں چرس سمگل کرنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جنہیں عدالت سے جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے اور ان سے مزید پوچھ گچھ جاری ہیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں