کوہاٹ چھائونی پولیس نے مضاربہ کے نام پر لوگوں سے کروڑوں کی رقم لوٹنے والے ماسٹر مائنڈکو گرفتار کرلیا

بدھ 23 جنوری 2019 22:00

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) کوہاٹ چھائونی پولیس نے مضاربہ کے نام پر لوگوں سے کروڑوں کی رقم لوٹنے والے ماسٹر مائنڈفراڈئیے کو گرفتار کرلیا ہے۔ زیر حراست ملزم مختلف شہروں میں سادہ لوح لوگوں کو کاروبار میں شراکت داری کا جھانسہ دیکر کروڑو روپے ہتھیانے کے بعد روپوش ہوگیا تھا۔گرفتار ملزم فرید شاہ کو سال 2018کے دوران تھانہ چھائونی کوہاٹ میں درج مقدمے میں عدالت سے اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ چھائونی قسمت خان نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کاروائی کرتے ہوئے پولیس نفری کے ہمراہ او ٹی ایس روڈ پر واقع ایک مکان پر اچانک کامیاب چھاپہ مارا جہاں کروڑوں روپے کے فراڈ کیس میں مطلوب اشتہاری مجرم فرید شاہ ولد سبحان شاہ کو گرفتار کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

گرفتاری کے بعد ملزم کو فوری طور پر تھانہ چھائونی منتقل کردیا گیا اور بعد ازاں عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد انہیں تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کوہاٹ سمیت خیبر پختونخواکے مختلف شہروں اور خصوصاً جنوبی اضلاع میں سادہ لوح لوگوں کو کاروبار میں شراکت داری کا جھانسہ دیکر کروڑوں روپے ہتھیانے کے بعد روپوش ہوگیا تھا جو کہ مقامی عدالت سے اشتہاری قرار دیا جاچکا تھا ۔ملزم علاقے میں ڈبل شاہ ٹو کے نام سے مشہور تھا جو مضاربہ کے نام پر لوگوں سے رقم لیکر اس رقم کی دگنی ادا کرنے کے فراڈ کے ذریعے کئی لوگوں سے کروڑوں روپے ہتھیا چکا ہے اور رقم واپس مانگنے کے اصرار پر متعدد افراد کو جعلی بنک چیک تھمانے کی دھوکہ دہی کے تاخیری حربوں میں بھی ملوث رہا ہے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں