کوہاٹ سیمنٹ فیکٹر ی کے قریب فلائنگ کوچ میں آگ لگ گئی ،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

جمعہ 15 فروری 2019 17:42

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2019ء) کوہاٹ سیمنٹ فیکٹری کے قریب راولپنڈی جانے والی مسافر فلائنگ کوچ میں گیس سلنڈر میں اچانک آگ لگ گئی تاہم ریسکیو 1122 کی فائر فائٹرز نے بروقت کاروائی کرتے ہوئی چالیس منٹ تک فائر فائٹنگ کر کے آگ پر قابو پا لیا اور خوش قسمتی سے آگ سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق فلائنگ کوچ نمبر 1232 کوہاٹ سے مسافروں کو لے کر راولپنڈی جا رہی تھی جس میں راولپنڈی روڈ پر واقع کوہاٹ سیمنٹ فیکٹری کے قریب گیس سلنڈر میں آگ لگ گئی تاہم مسافروں نے کوچ سے اتر کر اپنی جانیں بجائیں البتہ کوچ جل کر خاکستر ہوگئی۔

فوری طورپر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ دریں اثناء کوہاٹ انتظامیہ نے سنیپ چیکنگ کے دوران 91 سی این جی مسافر گاڑیوں کا چالان کردیا۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ نے ناقص و غیر معیاری سلنڈرز رکھنے والے مسافر گاڑیوں کی سنیپ چیکنگ کا عمل بدھ سے شروع کردیاہے اور پہلے روز 175 سی این جی مسافر گاڑیوں کامعائنہ کیا گیاجن میں 91 گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفیکٹ نہ ہونے، آگ بجھانے کے آلات کی عدم تنصیب اور زائد سواریاں بٹھانے پرچالان کرکے 55ہزار9سو روپے جرمانہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کی ہدایت پر یہ چیکنگ دو ہفتے قبل کرک میں گیس سلنڈر رکھنے والے مسافر گاڑی کے ہولناک حادثے کے تناظر میں کیاگیا جس میں 16 قیمتی جانیں ضائع ہوئی تھیں۔ ضلعی انتظامیہ نے گاڑی مالکان کو متنبہ کیاہے کہ وہ فوری طورپر اپنی گاڑیوں سے غیر معیاری اورناقص سلنڈر ہٹائیں اور زائد سواریاں بٹھانے سے گریز کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں