کوہاٹ میں پولیس مقابلے کے بعد مبینہ دہشتگردکو زخمی حالت میںگرفتار کرلیا گیا

جمعہ 15 مارچ 2019 20:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2019ء) کوہاٹ میں پولیس مقابلے کے بعد مبینہ دہشتگردکو زخمی حالت میںگرفتار کرلیا گیا ہے ۔زیر حراست مبینہ دہشتگردسیکیورٹی فورسز پر حملوں اور قتل کے علاوہ متعدد وارداتوں میںکئی سالوں سے مطلوب تھا۔گرفتارملزم کے قبضے سے خود کار اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے ۔سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرم کو نواحی علاقہ کمر ڈھنڈ میں زری محمد عرف ددی گروپ کے مبینہ ٹھکانے پر چھاپے کے دوران شدید جھڑپ کے بعد حراست میں لیا گیا ہے۔

ڈی پی او کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود کے مطابق سول حساس ادارے کی اطلاعات پر کاروائی کرتے ہوئے پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری نے کوہاٹ کے نواحی علاقہ کمر ڈھنڈ میں روپوش اشتہاری زری محمد عرف ددی کے مبینہ پہاڑی ٹھکانے پر اچانک چھاپہ مار کر علاقے کا محاصرہ کرلیا جہاں پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی مسلح اشتہاریوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جنکی فائرنگ سے پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے تاہم پولیس نے جوابی کاروائی اور طویل فائرنگ تبادلے کے بعد ایک اشتہاری مجرم اکبر ولد دوران سکنہ بورکہ کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا اور انکے قبضے سے کلاشنکوف،دستی بم اور سینکڑوں کارتوس برآمد کرلئے گئے۔

(جاری ہے)

شدید جھڑپ اور فائرنگ تبادلے کے بعد اشتہاری گروہ کے دیگر ارکان پہاڑی اورگنے جنگل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فوری طور پر فرار ہوگئے ہیں جنکی گرفتاری کیلئے علاقے میںمسلسل سرچ آپریشن کی کاروائی جاری ہے ۔پولیس نے زیر حراست اشتہاری مجرم کو فی الفور ہسپتال منتقل کردیا ہے اور اسکے خلاف سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ اور اقدام قتل کا ایک اور مقدمہ درج کرلیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق زری محمد عرف ددی دہشتگردی،سیکیورٹی فورسز پر حملوں،قتل ،بھتہ خوری اور دیگر سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب اشتہاری مجرم ہے جو اپنے مسلح اشتہاری گروہ کے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کئی سالوں سے پہاڑی علاقوں میں روپوش ہے اور حکومت کی طرف سے اسکے سر کی قیمت بھی مقرر کی گئی ہے۔قبل ازیں بھی مزکورہ اشتہاری گرہ کے خلاف متعدد آپریشن کئے گئے ہیں اور اس گروہ کے کئی افراد کو گرفتار بھی کیا جاچکا ہے ۔پولیس نے علاقے میں انٹیلی جنس نیٹ ورک مزید فعال کرکے اس اشتہاری گروہ کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا ہے اور اسکی گرفتاری کیلئے فورس کے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔اشتہاری گروہ کے خلاف پولیس کے اس آپریشن کو عوام میں بھی کافی پزیرائی ملی ہے ۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں