کوہاٹ پولیس شہداء کے بچوں کو مفت اور معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کیلئے خصوصی داخلہ مہم کا آغاز کردیا

جمعہ 19 اپریل 2019 00:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2019ء) کوہاٹ پولیس شہداء کے بچوں کو مفت اور معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کیلئے خصوصی داخلہ مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ضلع بھر کے معیاری تعلیمی اداروں میں داخلہ مہم کی باقاعدہ شروعات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود نے خود کرتے ہوئے شہید پولیس کانسٹیبل ڈرائیور خورشید کے بچوں کو صبح سویرے اپنی سرکاری گاڑی میں سکول تک پہنچایا۔

ڈی پی او جمعرات کی علیٰ الصبح شہید پولیس اہلکار کی رہائش گاہ واقع خیبر کالونی پہنچے جہاں سے انہوں نے شہید کے دو بیٹوں کو گھر کی دہلیز سے نہایت شفقت کیساتھ اپنی گاڑی میں بٹھاکرمختلف سکولوں تک پہنچایا ۔ڈی پی او نے سکول سربراہان سے ملاقات کی اور شہید کے بچوں کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیاجبکہ سکولوں کے منتظمین نے شہدائے پولیس کے بچوں کو تمام تعلیمی سہولیات مفت دینے اور حاضر سروس پولیس ملازمین کے بچوں کو بھی تعلیمی اخراجات میں خصوصی رعایت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق شہدائے پولیس کے بچوں کو مفت اور اعلیٰ معیار کی تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ کی وضع کردہ پالیسی کو آگے بڑھاتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود نے ملک وقوم کی سلامتی کیلئے قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنیوالے کوہاٹ پولیس کے 73شہداء کے بچوں کو شہر کے معیاری تعلیمی اداروں میں داخلے دلوانے اور دیگر تعلیمی ضروریات پوری کرنے کیلئے اس تاریخی اقدام میں پہل کرتے ہوئے خصوصی رابطہ مہم کا آغاز کردیا ہے ۔

اس سلسلے میں جمعرات کی علیٰ الصبح ڈی پی او کوہاٹ شہید پولیس اہلکار خورشید خان کے گھر پہنچے جہاں سے انہوں نے شہید کے دو بیٹوں کو اپنے ساتھ گاڑی میں بٹھا کر مختلف سکولوں تک پہنچایااور سکول انتظامیہ کیساتھ ملاقات میں ان بچوں کی تمام تر تعلیمی اخراجات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔ڈی پی او کیساتھ ملاقات میں تعلیمی اداروں کے سربراہوں نے شہدائے پولیس کے بچوں کی تمام تعلیمی اخراجات برداشت کرنے اور حاضر سروس پولیس ملازمین کے بچوں کو تعلیمی ضروریات میں خصوصی رعایت دینے کی غرض سے اپنی خدمات پیش کرنے کاعزم دہرایا۔

ڈی پی او کیپٹن(ر)واحد محمودشہیدپولیس اہلکارکے بچوں کے ہمراہ سکول پہنچنے توسکول کے بچوں نے بھی انکا شاندار استقبال کیا۔اس موقع پر سکول کے تدریسی عملے نے بھی شہید کے بچوں کی سکول میں داخلے پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے انکی پڑھائی پر خصوصی توجہ دینے کو اپنے لئے بڑا اعزاز قرار دیا۔ڈی پی او کوہاٹ نے شہید کے بچوں کو سب کے سامنے سیلوٹ کرتے ہوئے انکا حوصلہ بڑھایا اور انہیں نقد انعامات بھی دئیے۔

شہدائے پولیس کے بچوں کی سکولوں میں داخلہ مہم کے موقع پر ڈی پی او کا کہنا تھا کہ شہداء کی لازوال قربانیوں کا کوئی نعم البدل تو ممکن نہیں تاہم انکے بچوں کی مکمل کفالت اور صحت وتعلیم سمیت تمام ضروریات پوری کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔ڈی پی او نے تمام سرکل ایس ڈی پی اوز اور تھانوں کے ایس ایچ اوز کو بھی تاکید کی کہ وہ اس مہم میں بھر پور حصہ لیتے ہوئے شہدائے پولیس کے لواحقین اور بچوں کے مسائل و مشکلات کو فی الفور حل کرنے کیلئے وضع کردہ پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

ضلعی پولیس سربراہ نے تعلیمی اداروں کے سربراہوں کی طرف سے شہدائے پولیس کے بچوں کو مفت تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے اس اقدام کو خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء ہمارے قومی ہیرو ہیں اور انکے بچوں کیساتھ شفقت و محبت کااظہار کرکے انکے درپیش مسائل کوحل کرنا ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے ۔واضح رہے کہ ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ کے احکامات کی روشنی میں گزشتہ روز ڈی پی او آفس میں پرائیویٹ سکولز منیجمنٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کیساتھ منعقدہ اجلاس میں شہدائے پولیس کے بچوں کو مفت اور اعلیٰ معیار کی تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیاگیا تھا اور نجی تعلیمی اداروں کے منتظمین نے اس سلسلے میں اپنی خدمات پیش کرنے کا عزم ظاہر کیا تھاجسے عملی جامہ پہناتے ہوئے ڈی پی او کیپٹن(ر)واحد محمود نے صوبہ بھر میں پہل کرتے ہوئے شہدائے پولیس کے بچوں کو معیاری تعلیمی اداروں میں داخلہ مہم کا باقاعدہ طور پر آغاز کیا اور ماتحت پولیس افسران کو اس مہم میں بھر پور حصہ لینے کی تاکید کی۔

کوہاٹ کے عوامی وسماجی حلقوں نے ڈی پی او کیپٹن(ر)واحد محمودکی اس قدام کو بے حد سراہتے ہوئے اسے تاریخی اور قابل تقلید عمل قرار دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں