کوہاٹ پولیس نے لاکھوں مالیت کی منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی

جمعہ 19 اپریل 2019 00:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2019ء) کوہاٹ پولیس نے لاکھوں مالیت کی منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ہے ۔انڈس ہائی وے پر کاروائی میں موٹر کار سے ساڑھے دس کلو گرام چرس برآمد کرکے منشیات کے بین الاضلاعی سمگلر کو گرفتار کرلیا گیاہے۔پکڑی گئی منشیات قبائلی ضلع اورکزئی سے جنوبی اضلاع کو سمگل کی جارہی تھی ۔چرس سے بھری موٹر کار سمیت حراست میں لئے گئے سمگلر کے خلاف تھانہ جرما میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈی پی او کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود کی وضع کردہ جامع حکمت عملی کے تحت شہر میں امن وامان برقرار رکھنے اور ممنوعہ اشیاء کی غیر قانونی سمگلنگ کو روکنے کیلئے ضلع کوہاٹ کو دوسرے شہروں سے ملانے والی اہم شاہراہوں اور سمگلروں کے زیر استعمال خفیہ راستوں پر خصوصی ناکہ بندیاں قائم کرکے چیکنگ کا عمل بڑھا دیا گیا ہے جسکے تسلسل میں ایس ایچ او تھانہ جرما انسپکٹر کریمان علی نے پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ انڈس ہائی وے پر مسلم آباد کے قریب واقع پولیس چیک پوسٹ میں ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی تلاشی شروع کررکھی تھی کہ اس اثناء میں ایک مشکوک موٹر کار کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا۔

(جاری ہے)

تلاشی کے دوران پولیس نے موٹر کار کے دروازوں میں بنے خفیہ خانوں سے مجموعی طور پر 10500گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرکے گاڑی میں سوار منشیات کے بین الاضلاعی سمگلر الہام علی ولد غلام علی سکنہ کلایہ اورکزئی کو موٹر کار سمیت گرفتار کرلیا۔پولیس نے زیر حراست منشیات سمگلر کو فوری طور پر تھانہ جرما منتقل کردیا جہاں اسکے خلاف بھاری مقدار میں چرس سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔منشیات سمیت پکڑے گئے ملزم سے تفتیش شروع کردی گئی ہے جس نے ابتدائی پوچھ گچھ میں چرس اورکزئی سے کوہاٹ انڈس ہائی وے کے راستے جنوبی اضلاع کو سمگل کرنے کا اعتراف جرم کرلیا ہے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں