کوہاٹ، وفاقی کابینہ میں ردوبدل حکومت کی ناکامی ہے ،مہر سلطانہ ایڈوکیٹ

حکمران الیکشن کے دوران عوام سے کئے گئے وعدوں کو ایفا کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے جس کا ثبوت ملک کی معیشت کی بگڑتی ہوئی حالت ہے، وزیر اعظم عمران خان نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر پر جس اعتماد کا اظہار کیا تھا،پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا خواتین ونگ

جمعہ 19 اپریل 2019 21:22

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا خواتین ونگ مہر سلطانہ ایڈوکیٹ نے وفاقی کابینہ میں ردوبدل کو حکومت کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکمران الیکشن کے دوران عوام سے کئے گئے وعدوں کو ایفا کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے جس کا ثبوت ملک کی معیشت کی بگڑتی ہوئی حالت ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر پر جس اعتماد کا اظہار کیا تھا لیکن 8مہینے گزرنے کے باوجود بھی معیشت بہتر کرنے کی بجائے مزید بگڑ گئی جس کی تمام تر ذمہ داری عمران خان پر عائد ہوتی ہے ۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کو اپنی حکومت کی ناکامی قبول کرتے ہوئے تمام تر صورتحال کیلئے قوم کوجوابدہی کرنی چاہیے۔انھوں نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی معیشت دیوالیہ ہونے کے دہانے پر پہنچ چکی ہے جس کی تمام تر ذمہ داری پی ٹی آئی پر عائد ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ عمران خان نے انتخابات سے قبل اسد عمر کو تمام ملکی معاشی مسائل کو حل کرنے کا اہل ثابت کرنے کی کوشش کی لیکن ان کی 8ماہ کی کارکردگی سے ان دعوئوں کی قلعی کھل گئی ہے۔

18ویں ترمیم کے خلاف ہونے والی سازشوں کاذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکومت کے پاس اس آئینی ترمیم کو بدلنے کیلئے پارلیمنٹ میں مطلوبہ دو تہائی اکثریت حاصل نہیں ۔انھوں نے کہا کہ وہ عناصر جو صدارتی طرز حکومت کی خوبیاں بیان کر رہے ہیں انھیں معلوم ہونا چاہیے کہ 1973کے آئین کے تحت ان کی خواہش کبھی بھی پوری نہیں ہوسکتی۔انھوں نے کہا کہ ان کی جماعت 18ویں ترمیم رول بیک کرنے اورملک میں صدارتی نظام متعارف کرانے کی کسی بھی کوشش کی شدید مخالفت کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام میں ضلعی کونسل کا خاتمہ اس بات کی دلیل ہے کہ تحریک انصاف کی پچھلی حکومت کی متعارف کرائے گئے لوکل گورنمنٹ سسٹم مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔مہر سلطانہ ایڈوکیٹ نے ملک میں حالیہ دہشت گردی کی لہر پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ امن و امان کی صورتحال دن بدن بگڑتی جارہی ہے جس سے عوام میں بے سکونی اور بے چینی پائی جاتی ہے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں