محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا ،ضلع کوہستان میں 38 خواتین اساتذہ کو ڈیوٹی سے مسلسل غیر حاضر رہنے کی پاداش میں ملازمت سے برطرف کر نے کا نوٹیفیکیشن جاری

اتوار 21 اپریل 2019 18:50

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2019ء) محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے ضلع کوہستان میں 38 خواتین اساتذہ کو ڈیوٹی سے مسلسل غیر حاضر رہنے کی پاداش میں ملازمت سے برطرف کر نے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش اور ڈائریکٹر تعلیم حافظ ابراہیم نے چند دن قبل کوہستان کے تین روزہ دورے کے دوران تعلیمی افسران سے بریفنگ لیتے ہوئے یہ ہدایات جاری کی تھیں۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر(فیمیل) خورشید عالم کے دستخط سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق طویل عرصہ سے غیر حاضر رہنے والی ان خواتین اساتذہ کو برطرف کرنے سے قبل شو کاز نوٹس جاری کیے گئے تھے اور اخبارات میں اشتہار بھی دیئے گئے تھے۔ ان برطرف کئے جانے والی خواتین اساتذہ کی تعداد 38 ہے جو مختلف سرکاری گرلز پرائمری سکولوں میں عرصہ دراز سے ڈیوٹی دینے سے مسلسل غیر حاضر پائی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

اعلامیہ کے مطابق بعض اساتذہ 2015، 2016 اور 2017 سے غیرحاضر تھیں جبکہ کئی ایک 2018 اور رواں سال 2019 کے دوران غیر حاضر پائی گئی تھیں۔ ان غیرحاضر اساتذہ کو محکمہ تعلیم کے مقامی حکام اور مانیٹرنگ ٹیم نے غیر حاضر پایا تھا اور ان کی غیر حاضری کی رپورٹ ضلعی حکام کو دی تھی جس پر کاروائی کرتے ہوئے گزشتہ روز ڈی ای او (زنانہ) کوہستان نے 38 غیرحاضر خواتین اساتذہ کو برطرف کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کسی موقع پر برطرف کی جانے والی خواتین اساتذہ کے خلاف بدعنوانی کا کیس سامنے آیا تو ان کے خلاف بھی سخت کاروائی کی جائے گی۔ ادھر مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے ان اساتذہ کی برطرفی کاکریڈٹ لیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ہدایات پر ان غیرحاضر اساتذہ کو برطرف کیا گیا۔انہوں نے کہا کہکوہستان دورے کے دوران عوام نے سکولوں سے اساتذہ کی غیرحاضری کی شکایات کی تھیں جس پر ان کے خلاف کاروائی کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔

مشیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پسماندہ اضلاع پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔کوہستان میں مانیٹرنگ کا نظام مزید بہتر کیا جارہا ہیاور کوہستان کے تینوں اضلاع میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران اور دیگر مزید مانیٹرنگ سٹاف تعینات کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹاف کی کمی پوری کر کیکوہستان کے سکولوں میں اساتذہ کی حاضری کے لیے بائیو میٹرک سسٹم بنا رہے ہیں جس سے اساتذہ کی حاضری میں بہتری آئے گی۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں