کوہاٹ میں ثقافتی امن میلے کی آ ڑمیں فحاشی پھیلانے اور سادہ لوح لوگوں کو لوٹنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا

جمعرات 25 اپریل 2019 00:03

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2019ء) کوہاٹ میں ثقافتی امن میلے کی آ ڑمیں فحاشی پھیلانے اور سادہ لوح لوگوں کو لوٹنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔زیر حراست ملزم کے خلاف تھانہ جنگل خیل میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔کاروائی کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس میں جاری جشن کوہاٹ امن میلے میں رقاصائوں کے ناچ گانے اور لاٹری کے ذریعے جواکھیلنے پر پابندی کے حوالے سے طے شدہ معاہدے کی خلاف ورزی پر عمل میں لائی گئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روز کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس میں جشن کوہاٹ کے نام سے ثقافتی امن میلے کا اس معاہدے کے تحت آغاز کیا گیا کہ اس میلے میں سرکس اور دیگر ثقافتی پروگراموں کے انعقاد کے ذریعے لوگوں کیلئے سیر و تفریح کے مواقع فراہم کئے جائیں گے اور میلے میں غیر اخلاقی سرگرمیوں ،رقاصائوں کے ناچ گانوں اور لاٹری کے ذریعے دائو پر نقدی لگانے جیسے غیر قانونی اعمال کی قطعی طور پر اجازت نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

جشن کوہاٹ ثقافتی امن میلے کے نام سے منعقدہ پروگراموں میں پابندی کے باوجود ان غیر قانونی سرگرمیوں کے انعقاد کے حوالے سے عوامی شکایات موصول ہونے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود نے فی الفور ایکشن لیتے ہوئے مقامی پولیس کو کاروائی کا حکم دیدیا جس پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ جنگل خیل سب انسپکٹر نذر عباس نے پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس میں جاری اس میلے پر اچانک چھاپہ مارا جہاں سٹیج پر رقاصائوں کے ناچ گانے اورسادہ لوح لوگوں کوانعام کا جھانسہ دیکر لاٹری کے ذریعے دائو پر پیسے لٹانے کے غیر قانونی افعال دیکھنے میں آئے جس پر پولیس نے معاہدے کی خلاف ورزی کے مرتکب میلے کے مالک محمد عثمان ولد محمد شریف سکنہ مردان کو گرفتار کرلیا اور انہیں فوری طور پر تھانہ جنگل خیل منتقل کرکے انکے خلاف فحاشی و عریانی اور جوئے کی لعنت پھیلانے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق اخلاقی حدودکا تعین کرتے ہوئے ایک مخصوص معاہدے کے تحت شہریوں کو تفریح کے مواقع فراہم کرنے کی خاطر اس ثقافتی میلے کے انعقاد کی اجازت دی گئی تھی لیکن زیر حراست ملزم نے معاہدے کی یکسر خلاف ورزی کرتے ہوئے نوجوان رقاصائوںکو بھی سٹیج پر ناچ گانے پیش کرنے کیلئے مدعو کیا تھا اورانعام کا جھانسہ دیکر لاٹری کے ذریعے سادہ لوح لوگوں سے پیسے لوٹنے کی قمار بازی جیسے مکروہ فعل میں بھی مصروف تھا جسکے ان بداعمالیوں سے نوجوانوں کے اخلاق اور معاشرے کی مجموعی اقدار پر نہایت ہی برے اثرات مرتب ہورہے تھے تاہم ملزم محمد عثمان کو بیک وقت کئی معاشرتی جرائم کے ارتکاب جرم کی پاداش میں گرفتار کیا گیا اور اسکے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمہ بھی قائم کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں