ڈی پی او کوہاٹ نے جوانوں کی جسمانی ورزش کیلئے پولیس لائنز میں فٹنس کلب کا باقاعدہ افتتاح کیا

جمعہ 26 اپریل 2019 18:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2019ء) کوہاٹ میں پولیس فٹنس کلب کا قیام عمل میںلایا گیا ہے۔جوانوں کی جسمانی ورزش کیلئے پولیس لائنز کوہاٹ میں قائم اس فٹنس کلب کا باقاعدہ افتتاح ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود نے ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا۔فٹنس کلب کا قیام پولیس جوانوں کی ویلفئیر منصوبوںکیلئے جاری اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے ۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈی پی او کیپٹن(ر)واحد محمود نے پولیس جوانوں کے ویلفئیر کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات کے تحت پولیس لائنز میں فٹنس کلب قائم کرکے جوانوں کی تربیتی عمل کیلئے مسٹر کے پی کے کا اعزاز حاصل کرنیوالے معروف باڈی بلڈر پولیس کانسٹیبل سید فخرالدین کی بطور انسٹرکٹر خدمات حاصل کرلی ہیں۔

(جاری ہے)

فٹنس کلب کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈی پی او نے تن سازی کے ماہر انسٹرکٹر سید فخر الدین کو ہدایت کی کہ وہ پولیس جوانوں کی باڈی فٹنس پر خصوصی توجہ مرکوز رکھیں اور انہیں جسمانی فٹنس میں کارآمد ثابت ہونیوالی ورزشوں کے طریقہ کار اور فٹنس کے آلات کے بہتر استعمال سے روشناس کرائیں۔

اس موقع پر ڈی پی او کو فٹنس کلب میں رکھے گئے ورزش کے مختلف آلات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور انہیںانسانی جسم کے مختلف اعضاء کی ورزش میں استعمال ہونیوالی مشینوں کی کارکردگی اور طریقہ کار کے متعلق آگاہ کیا گیا۔ڈی پی او کو بتایا گیا کہ فٹنس کلب میں بٹر فلائی مشین،ڈمبل،چسٹ بنچ،ٹویسٹر بنچ،کرنچس مشین،سنگل بنچ،چسٹ راڈ ،رننگ مشین اور باڈی فٹنس کے دیگر اوزار رکھے گئے ہیں۔

اس موقع پر ڈی پی اوکیپٹن(ر)واحد محمود نے پولیس جوانوں کی جسمانی فٹنس کی عملی مشق کا بھی معائنہ کیا اور خود بھی جسمانی فٹنس کے مختلف مشینوں اور اوزار کو استعمال میں لاکر ورزش کا باقاعدہ سیشن دہرایا۔فٹنس کلب کے افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈی پی او کیپٹن(ر)واحد محمود کا کہنا تھا کہ پولیس جوانوں کی ویلفئیر کیلئے وسائل کا بھر پور استعمال کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فٹنس کلب کا قیام پولیس جوانوں کی صحتمندانہ سرگرمیوں کے فروغ کیلئے عمل میں لایا گیا ہے جس میں پولیس کے ہر رینک کے افسر اور جوان کو جسمانی ورزش کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تندرستی ہزار نعمت ہے اور ورزش انسانی صحت کیلئے بہت ضروری ہے ۔انہوں نے فٹنس کلب کے انسٹرکٹر کو تاکید کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر پولیس جوانوں کی جسمانی فٹنس برقرار رکھنے اور انہیں ورزش کے مشینوں کی افادیت اور استعمال کے طریقہ کار سے روشناس کرنے کیلئے فل ٹائم خدمات پیش کریں۔ڈی پی او نے ضلع بھر کے تمام پولیس افسران اور جوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس فٹنس کلب سے بھر پور استفادہ حاصل کرکے جسمانی فٹنس کی ان سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں