ڈرائیونگ لائسنس اور دیگر ضروری کاغذات نہ ہونے پر سخت قانو نی کارروائی عمل میں لائی جائے ، ڈی پی او کوہاٹ

پیر 20 مئی 2019 12:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) کوہاٹ میں نان رجسٹرڈ اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کا حکم دیدیا گیا ہے جبکہ کمسن افراد کی ڈرائیونگ اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود نے سکیورٹی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ضلع بھر میں امن وامان برقرار رکھنے اور پے در پے موٹر سائیکل حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے تناظر میں شہر میں چلنے والی نان رجسٹرڈ اور بغیر نمبر پلیٹ ہر قسم کی گاڑیوں ‘ موٹر سائیکلوں اور رکشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کا حکم دیدیا ہے۔

ڈی پی او نے موٹر سائیکل سواروں کیلئے ہیلمٹ کا استعمال لازمی قرار دیتے ہوئے خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے اور کمسن افراد کی ڈرائیونگ پر مکمل پابندی عائد کرنے کے حوالے سے پولیس حکام کو واضح ہدایات جاری کردی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی پی او نے شہر بھر میں نان رجسٹرڈ اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں اور خصوصا رکشوں اور موٹر سائیکلوں کے چلنے پر پابندی کے ضمن میں متعلقہ پولیس حکام اور ٹریفک وارڈنز کو حکم دیا ہے کہ ایسی گاڑیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کاروائی عمل میں لائی جائے کیونکہ نان رجسٹرڈ اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں بشمول رکشوں اور موٹر سائیکلوں کا دہشتگردی اور دیگر جرائم میں استعمال خارج ازاامکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔

اور اس سلسلے میں کوئی رعایت کئے بغیر خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ کمسن افراد کی ڈرائیونگ پر پابندی کے حوالے سے سختی سے تاکید کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی ڈرائیونگ کرنیوالے کمسن افراد کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے اور جن موٹر سائیکل سواروں کے پاس ہیلمٹ،ڈرائیونگ لائسنس اور دیگر ضروری کاغذات نہ ہو انکے خلاف بلا تفریق بھر پور کریک ڈائون کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں