کوہاٹ میں امن وامان کی مجموعی صورتحال برقرار رکھنے اور انسداد جرائم کے حوالے سے جامع حکمت عملی تیار

جمعرات 13 جون 2019 22:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2019ء) کوہاٹ میں امن وامان کی مجموعی صورتحال برقرار رکھنے اور انسداد جرائم کے حوالے سے جامع حکمت عملی طے کرلی گئی ہے جبکہ مطلوب اشتہاریوں اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو سختی سے کچلنے کیلئے جامع ایکشن پلان وضع کردیا گیا ہے ۔ا س حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود کی زیر صدارت انکے دفتر میں پولیس کے اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جسمیں نیشنل ایکشن پلان کی عملداری،کائونٹر کرائمز،قیام امن ،خدمت عامہ کے عوامل ،انتظامی امور میں پولیس کی استعداد کار بڑھانے اور فورس کے جوانوں کی ویلفیئر کیلئے مزید جامع اقدامات اٹھانے کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔

اجلاس میں ایس پی آپریشنز،کوہاٹ طاہر اقبال،اے ایس پی صدر سرکل محمد نبیل کھوکھر،ڈی ایس پی سٹی عالم زیب،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر صنوبر شاہ،ڈی ایس پی لاچی شیر افسر ،انسپکٹر ناظر حسین اور دیگر متعلقہ پولیس افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ضلع بھر میں امن وامان کی مجموعی صورتحال،جرائم کی شرح،پولیس کی استعداد کار اور تھانوں میں درج مقدمات کی تفتیشی امور کاتفصیلی جائزہ لیا گیا اور ا س سلسلے میں جامع حکمت عملی طے کرلی گئی ۔

اجلاس میں خدمت عامہ اور لوگوں کی داد رسی کیلئے قائم پولیس اسسٹنس لائنز،پولیس ایکسس سروس اور ڈی آر سی کی کارکردگی پر باہمی تبادلہ خیال کیا گیا اور عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی تفتیش میں ہونیوالی پیش رفت پر سیر حاصل بحث کی گئی۔اجلاس کے دوران ضلع بھر میں امن وامان کی صورتحال اورانسدادجرائم کی شرح کو اطمینان بخش قراردیا گیا جبکہ PAL،PASاور DRCکے ذریعے عوام کو فراہم کردہ خدمات اور پولیس کیساتھ شہریوں کے وابستہ معاملات میں مزکورہ فورمز کی پیش کردہ عملی کارکردگی کو سراہا گیا ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ شہریوں کے تحفظ اور حکومتی رٹ کو یقینی بنانے کیلئے نیشنل ا یکشن پلان کے تمام نکات کو اسکی اصل روح کے مطابق عملی جامہ پہنایا جائے اور مجرمانہ سرگرمیوں کے سد باب کیلئے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کو مزید مئوثر بنایا جائے ۔تھانوں کی سطح پر مطلوب اشتہاریوں اور مشکوک و مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کی از سر نو فہرستیں مرتب کرکے انکی سرکوبی کیلئے بھرپور ایکشن لیا جائے جبکہ امن وامان برقرار رکھنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

اجلاس کے شرکاء پر زور دیا گیا کہ وہ ماتحت پولیس عملے کی ویلفئیر کیلئے جامع اقدامات اٹھائیںاور پولیس جوانوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرتے ہوئے پولیس اصلاحات کے تحت معرض وجود میں لائے گئے خدمت عامہ کے منصوبوں کے ثمرات سے لوگوں کو بہتر انداز میں مستفید کریں تاکہ ان منصوبوں کا ماحاصل نظر آئے۔حساس وآسانی سے ہدف بننے والے مقامات کی سیکیورٹی آڈٹ یقینی بنائیں اور کسی بھی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظرمربوط انٹیلی جنس نظام کے تحت دیگر سیکیورٹی و انتظامی اداروں اور عوام کیساتھ قریبی روابط استوار کئے جائیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود نے کہا کہ قانون وانصاف اور میرٹ کی بالا دستی کو ہر صورت مقدم رکھتے ہوئے جرائم کی منظم بیخ کنی کو یقینی بنایا جائے گی اور تھانوں میں آنیوالے سائلین خصوصاً مظلوموں کی داد رسی اور انہیں انصاف کی فراہمی میں کوئی کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں خود جاکر عوامی مسائل سے آگاہی حاصل کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ کھلی کچہریوں کا انعقاد کریں اور علاقائی امن اور معاشرتی جرائم کے بہتر تدارک کیلئے مقامی عمائدین ،منتخب عوامی نمائندوں،علمائے کرام اور مساجد کے آئمہ کیساتھ ملکراپنی پیشہ ورانہ فرائض مئوثر انداز میں ادا کریں۔

انہوں نے پولیس افسران کو مزید ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقہ اختیار کی حدود کے اندر واقع مساجد ومدارس،امام بارگاہوں اور اقلیتوں کی عبادت گاہوں سمیت تمام حساس مقامات کی سیکیورٹی عوامل کا بذات خود جائزہ لیکر ان مقامات کے تحفظ کیلئے فول پروف حفاظتی اقدامات اٹھائیں اور مختلف پراجیکٹس میں کام کرنیوالے غیر ملکیوں کی حفاظت و نگرانی کیلئے وضع کردہ جامع ایس او پی پر مئوثرعملداری یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں