کوہاٹ،پولیس نے مسجد سے چوری کرنیوالے ملزم کو مال مسروقہ سمیت گرفتار کرلیا

جمعہ 14 جون 2019 22:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2019ء) کوہاٹ کینٹ پولیس نے مسجد سے چوری کرنیوالے ملزم کو مال مسروقہ سمیت گرفتار کرلیا ہے جبکہ مختلف مقامات پر کاروائیوں کے نتیجے میں 11قمار بازوں اور 30مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر صنوبر شاہ نے چھائونی پولیس کی کامیاب کاروائیوں کے حوالے سے بتایا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود کی جرائم پیشہ عناصر کو سختی سے کچلنے کے حوالے وضع کردہ حکمت عملی کے تحت ضلع بھر میں سماج دشمن عناصر کے خلاف پولیس کریک ڈائون کے کامیاب نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تھانہ چھائونی پولیس کی تازہ ترین کاروائیاں بھی اسی کریک ڈائون کے تسلسل کی کڑی ہے جسمیں نوے کلے کے موضع اتحاد کالونی کی مقامی مسجد میں چوری کی واردات کی شکایت پر ایس ایچ او تھانہ کینٹ قسمت خان نے تفتیشی ٹیم کے ہمراہ شبانہ روز کوششوں کے نتیجے میں مسجد سے قیمتی سامان چوری کرنیوالے ملزم کا محض24گھنٹوں کے اندر کھوج لگا کرانہیں گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی نے بتایا کہ پولیس نے زیر حراست ملزم صادق ولد رحمت گل سکنہ نوے کلے کے قبضے سے مال مسروقہ بھی برآمد کرلیا ہے جسمیں بجلی کا جرنیٹر،پانی کا سیمر سیبل مشین،بیٹری اور پلاسٹک پائپ شامل ہے ۔انہوں نے بتایا کہ زیر حراست ملزم صادق کو چوری کے مقدمے میں نامزد کرکے مزید تفتیش کیلئے انوسٹی گیشن ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے جس نے ابتدائی پوچھ گچھ میں چوری کی اس واردات کا اعتراف کرلیا ہے اوران سے چوری کی دیگر وارداتوں کے متعلق بھی اہم انکشافات کی توقع کی جارہی ہے۔

ڈی ایس پی صنوبر شاہ نے مزید بتایا کہ کینٹ پولیس نے مخبر کی اطلاع پر ایک اور کامیاب کاروائی کے دوران محمد زئی کے خڑہ گڑھی میں قمار بازی کی محفل الٹ کر امرود کے ایک باغ میں تاش کے ذریعے جوئے میں مصروف 11قمار بازوںغلام اکبر،اللہ نور،مسلم ،شاہ زیب،قادر،جمیل،مزمل،کٹو،ناصر،علائوالدین اور سید غلام کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے دائو پر لگی مجموعی طور پر 13000روپے اور تیس بور پستول برآمد کرکے انکے خلاف تھانہ چھائونی میں مقدمہ درج کرلیا ہے ۔

ڈی ایس پی نے بتایا کہ پولیس نے علاقے میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی مزید کاروائی کے دوران 30مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیکر انکے قبضے سے 2کلاشنکوف،1ریپیٹر،1بندوق،4پستول اور سینکڑوں کارتوس برآمد کرکے انہیں فوری طور پر تھانہ چھائونی منتقل کردیا ہے جہاں غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں بعض افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں ۔ڈی ایس پی صنوبر شاہ کے مطابق ڈی پی او کوہاٹ کے احکامات کی روشنی میں علاقے کو جرائم سے پاک کرنے کیلئے شہر بھر میں سماج دشمن عناصر کے خلاف بھر پور کریک ڈائون کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس سلسلے میں مجرمانہ سرگرمیوں کے مرتکب افراد سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں