کوہاٹ پولیس کی سال 2019کے ابتدائی پانچ ماہ میںکارکردگی

m 554مطلوب اشتہاریوںسمیت26750 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا دہشتگردی اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث 3خطرناک اشتہاری مارے گئے ؤطویل عرصے سے روپوش 7ریکارڈ یافتہ اشتہاری مجرموں نے پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال کر سرنڈر کیا

جمعہ 14 جون 2019 22:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2019ء) کوہاٹ پولیس نے سال 2019کے ابتدائی پانچ مہینوں کے دوران 554مطلوب اشتہاریوںسمیت26750 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔سال رواں دہشتگردی اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث 3خطرناک اشتہاری مارے گئے ہیں جبکہ طویل عرصے سے روپوش 7ریکارڈ یافتہ اشتہاری مجرموں نے پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال کر سرنڈر کرلیا ہے۔

نیشنل ایکشن پلان کی عملداری کے تحت ضلع بھر میںمجموعی طور پر490سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز اور سنیپ چیکنگ کی کاروائیوں میں دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ ومنشیات کا بڑا ذخیرہ برآمد کرکے قبضے میں لیا گیا ہے۔ گزشتہ پانچ مہینوں کے دوران مختلف مقامات پر کریک ڈاون کے نتیجے میںگرفتار افراد میں اشتہاری مجرموں کی130سہولت کار اور85افغان باشندے بھی شامل ہیں جبکہ اس عرصے میںٹارگٹڈ کاروائیوں کے دوران منشیات سمگلر نیٹ ورک کی28ارکان اور86منشیات فروش پکڑے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود کی خصوصی ہدایت پرمجرمانہ سرگرمیوں پر مئوثر کنٹرول حاصل کرنے کی خاطر سرکل ایس ڈی پی اوز کی زیر نگرانی پولیس کا ضلع بھر میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔اس سلسلے میں نیشنل ایکشن پلان کی من و عن عملداری کو مد نظر رکھتے ہوئے کوہاٹ کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز ،اچانک چھاپوں اور کریک ڈائون کے تسلسل میں پولیس نے سال رواں کی گزشتہ پانچ مہینوںکے دوران دہشتگردی ،بھتہ خوری ،قتل و اقدام قتل ،رہزنی وڈکیتی ،اغواء اور دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب554روپوش اشتہاریوں اور انکی130سہولت کاروں سمیت 26750مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیاہے اور اس عرصے کے دوران مختلف مقامات پر پولیس مقابلوں میں 3خطرناک اشتہاری مارے گئے جبکہ 7ریکارڈ یافتہ اشتہاریوں نے پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال کر سرنڈر کرلیا ہے۔

شہر کے مختلف مقامات پر کاروائیوں کے نتیجے میں سفری وشناختی دستاویزات کے بغیر مقیم 85افغان باشندوں کو بھی حراست میں لیکر انکے خلاف ملک بدر کرنے کی کاروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ضلع بھر میں کریک ڈائون کے دوران67کلو گرام انتہائی مہلک دھماکہ خیز مواد،417ڈیٹونیٹر،6بنڈل سیفٹی فیوز وائر،9دستی بم،2ٹرک آتش بازی کا سامان،ہزاروں کی تعداد میں میرج بم، 170کلاشنکوف،18کلاکوف،50ریپیٹر،98رائفل،303بندق ،1450پستول،مختلف بور کے 60ہزار کارتوس اور1100چارجرز برآمد کئے گئے۔

ٹارگٹڈآپریشنز کے دوران ضلع بھر میں60000مکانات چیک کئے گئے جن میں مقیم205غیر رجسٹرڈ کرایہ داروں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے جبکہ حساس اور آسانی سے ہدف بننے والے مقامات کی چیکنگ کے دوران غیر مئوثر سیکیورٹی انتظامات پر59نجی کاروباری مراکز کے خلاف مقدمات قائم کئے گئے۔منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے 6 لاکھ83ہزار گرام چرس،20ہزارگرام ہیروئن،17ہزارگرام افیون اور 220بوتل شراب برآمد کرکے منشیات سمگلر نیٹ ورک کے 28ارکان اور 86منشیات فروشوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے اور انہیں جیل بھیج دیا گیا۔

سال 2019کے ابتدائی پانچ مہینوں میں پولیس نے وی وی ایس ،آئی وی ایس اور سی آر وی ایس موبائل فون کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے چھوٹی بڑی2لاکھ گاڑیوں بشمول موٹر سائیکلوں اور 3 لاکھ50ہزار افراد کا ڈیٹا چیک کیا جن میں13169افراد کو زیردفعہ 107/151،10650 افراد کو ضابطہ فوجداری کے دفعہ 55/109اور190افراد کو ضابطہ فوجداری کے دفعات 106اور110 کے تحت حراست میں لیکر چالان عدالت کیا گیاجبکہ نان رجسٹرڈ اور بغیر نمبر پلیٹ 1224موٹر سائیکلیں تحویل میں لیکر مزید چھان بین کیلئے متعلقہ تھانوں میں بند کردئیے گئے ۔

علاوہ ازیں لائوڈ سپیکر کی پرشور آواز میں استعمال پر87افراد کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کئے گئے ۔اسی طرح ہوائی فائرنگ کے سد باب کے حوالے سے ڈی پی او کی طرف سے واضح احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے پولیس نے شہر اور مضافات کے مختلف علاقوں سے ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کے مرتکب300افراد کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مختلف قسم کے 369عدد ہتھیار اورسینکڑوں کارتوس برآمد کرلئے اور انکے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرکے انہیں پابند سلاسل کردیا گیا۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں