کوہاٹ ، رواں سال 130منشیات فروش گرفتار

قبضے سے مجموعی طور پر 6 لاکھ گرام چرس،21ہزارگرام ہیروئن،19ہزارگرام افیون اور300بوتل شراب برآمد

منگل 18 جون 2019 23:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جون2019ء) کوہاٹ پولیس نے رواں سال کروڑوں مالیت کی منشیات پکڑ کر 130ڈیلروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ انسداد منشیات کی خصوصی مہم کے دوران ضلع بھر میںتعلیمی اداروں سمیت کئی مقامات پر آگاہی تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے اور نشے کے عادی افراد کی بحالی کیلئے متعدد منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا جاچکا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ڈی پی او کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود نے ایک ویژن کے تحت شہر کومنشیات سے پاک کرنے کی جو خصوصی مہم شروع کررکھی ہے اسی مہم کے عملی تسلسل میں ضلعی پولیس نے کوہاٹ کو ڈرگ فری زون بنانے کیلئے رواں سال کے ابتدائی پانچ مہینوں کی مسلسل کاروائیوں کے نتیجے میں چھوٹے اور بڑے پیمانے پر منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث منشیات سمگلر نیٹ ورک کے 27ارکان سمیت130منشیات ڈیلروں کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے مجموعی طور پر 6 لاکھ گرام چرس،21ہزارگرام ہیروئن،19ہزارگرام افیون اور300بوتل شراب برآمد کرلئے ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں شہروں اور صوبوں کے مابین منشیات سمگل کرنے میں ملوث گروہوں کے غیر مقامی ارکان بھی شامل ہیں جو قبائلی اضلاع سے مختلف قسم کے منشیات خیبر پختونخوا اور دیگر صوبوں کے مختلف شہروں کو منتقل کرکے اپنا مالی حصہ وصول کرتے ہیں جبکہ ان میں ایسے منشیات فروشوں کا بھی سراغ لگا کر قانون کی گرفت میں لایا گیا ہے جو مقامی سطح پر منشیات فروشی میں ملوث تھے۔

پولیس ذرائع کے بقول سال رواں کے پچھلے پانچ مہینوں میں پولیس کی بھر پور کریک ڈائون کے دوران پکڑے گئے منشیات فروشوں کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کئے جاچکے ہیں اور انہیں جیل بھج دیا گیا ہے جبکہ انکے قبضے سے برآمد ہونیوالی منشیات کو مال مقدمہ کے طور پر مقامی عدالتوں میں پیش کرنے کے بعدموقع پر تلفی کے احکامات ملنے پر بعض مقدمات کا مال مقدمہ جن میں چرس،افیون،ہیروئن اور شراب شامل ہیں تلف کرلیا گیا ہے ۔

منشیات کے خلاف خصوصی مہم کے دوران پولیس کی مختلف کاروائیوں میں منشیات سمیت پکڑے گئے بعض ملزمان کو قید وجرمانے کی سزائیں بھی ہوئی ہیں جبکہ منشیات کے مقدمات میںعدالتوں سے سزا پانیوالے ان افراد میں عمر قید کے سزایافتہ مجرمان بھی شامل ہیں جبکہ پکڑے گئے بعض منشیات فروشوں کے خلاف مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق انسداد منشیات کے حوالے سے جاری اس مہم میں سول حساس اداروں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں جنکی مدد سے مختلف علاقوں میں منشیات فروشی کا سراغ لگا کرمنشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے کوائف اکٹھے کئے جارہے ہیںاور انکے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے متعلقہ مقامی پولیس کے ذریعے کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔

انسداد منشیات کے حوالے سے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم بھی چلائی جارہی ہے جبکہ پولیس کی جانب سے عمائدین شہر اور سول سوسائٹی کے ساتھ ملکرمتعدد مرتبہ مشترکہ آگہی واک کا بھی انعقاد کیا گیا ہے۔منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے پولیس ہسپتال میں خصوصی وارڈ بھی مختص کیا گیا ہے اور اس سلسلے میںسرکاری ہسپتالوں اور شہر کے دیگر نجی مقامات میں قائم بحالی مراکز کی خدمات بھی حاصل کی جارہی ہیں۔

واضح رہے کہ ڈی پی او کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود کی وضع کردہ مئوثرحکمت عملی کے تحت جاری انسداد منشیات کی خصوصی مہم کے نتیجے میںپکڑے گئے درجنوں منشیات فروشوں نے اپنے ان غیر قانونی اعمال سے تائب ہوکر پولیس تھانوں میں مقامی ضامنان کیساتھ حاضر ہوکرمنشیات فروشی سے توبہ کرنے کے حوالے سے بیان حلفی کے سٹامپ پیپر بھی جمع کرادئیے ہیںجنکی مزیدچھان بین اور سخت نگرانی کا عمل جاری ہے ۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں